ایشیا کپ، پاکستان نے بنگلہ دیش کو سپر فور مرحلے میں 7 وکٹوں سے شکست دیدی، حارث رئوف میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

161
ایشیا کپ، پاکستان نے بنگلہ دیش کو سپر فور مرحلے میں 7 وکٹوں سے شکست دیدی، حارث رئوف میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

لاہور۔6ستمبر (اے پی پی):ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو آسان مقابلے کے بعد 7 وکٹوں سے شکست دے دی، قومی ٹیم نے بنگلہ دیش کا 194 رنز کا ہدف 40 اوورز میں حاصل کرلیا، امام الحق نے 78 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، محمد رضوان 63 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے، حارث رئوف کو 19 رنز کے 4 وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ بدھ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم پاکستانی فاسٹ بائولرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت بنگلہ دیشی ٹیم 38.4 اوورز میں 193 رنز پر آئوٹ ہوگئی،

بنگلہ دیش نے اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن انداز میں کیا جب 47 کے مجموعی سکور پر اس کے4 ٹاپ آرڈر بیٹر آئوٹ ہوگئے، اس کے بعد کپتان شکیب الحسن نے مشفیق الرحیم کے ساتھ مل کر پانچویں وکٹ کی شراکت میں 100 رنز بنائے، شکیب الحسن 53 اور مشفیق الرحیم 64 رنز بنا کر نمایاں رہے، ان کے بعد آنے والے بیٹرز پاکستانی فاسٹ بائولرز کے سامنے بے بس نظر آئے اور جلد پویلین لوٹ گئے۔ حارث رئوف نے 6 اوورز میں 19 رنز کے عوض 4 قیمتی وکٹیں حاصل کیں،

نسیم شاہ نے 34 رنز کے عوض 3، شاہین شاہ آفریدی اور افتخار احمد نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ پاکستان نے بنگلہ دیش بنگلہ دیش کا 194 رنز کا آسان ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 40 اوورز میں ہی حاصل کرلیا، پاکستان کے فاسٹ بائولرز کی شاندار کارکردگی کے بعد بلے بازوں میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، امام الحق نے 84 بالوں پر 78 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 4 چھکے اور 5 چوکے شامل ہیں۔

محمد رضوان نے 1 چھکے اور 7 چوکوں کی مدد سے 63 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، آغا سلمان 12 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ پاکستان کے اوپنر فخر زمان ایک مرتبہ پھر قابل ذکر پرفارمنس کا مظاہرہ نہ کر سکے اور 20 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ کپتان بابراعظم نے 17 رنز کی اننگز کھیلی۔ بنگلہ دیش کی طرف سے تسکین احمد، شریف الاسلام اور مہدی حسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان کے سٹار فاسٹ بائولر حارث رئوف کو 19 رنز کے 4 وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔