فیصل آباد ۔ 07 ستمبر (اے پی پی):نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کی جانب سے گندم کی کاشت کیلئے منظور شدہ اقسام اور کاشت کے شیڈول کا اعلان کر دیاگیا ہے اور کہاگیاہے کہ کاشتکار فصلوں کی اچھی اور بہتر پیداوار کے حصو ل کیلئے منظور شدہ اقسام کے صاف ستھرے، صحت مند، بیماریوں سے پاک بیج کی کاشت کو ترجیح دیں تاکہ گندم کی بمپر کراپ حاصل ہو سکے نیز بیج کے اگاؤ کی شرح بھی 85 فیصد سے کم نہیں ہونی چاہیے۔
محکمہ کے ترجمان نے بتایاکہ پنجاب کے تما م آبپاش علاقوں میں سحر 2006 یکم نومبر سے 15 دسمبر تک کاشت کی جا سکتی ہے لیکن چونکہ مذکورہ قسم میں قوت مدافعت دیگر اقسام کی نسبت کچھ کم ہوتی ہے لہٰذا اسے زیادہ بارش والے علاقوں میں کم رقبہ پر کاشت کیاجاتاہے۔
انہوں نے بتایاکہ آبپاش علاقو ں میں شفق 2006، فرید 2006،معراج 2008 وغیرہ کو 10 نومبر سے 15 دسمبر تک، لاثانی 2008، فیصل آباد 2008، آری 2011، پنجاب 2011، ملت 2011 وغیرہ کو یکم نومبر سے 10دسمبر تک، پنجاب کی کلر والی زمینوں پر پاسبان 90وغیرہ کو 25 اکتوبر سے15 نومبر تک اور این اے آر سی کو پنجاب کے تمام آبپاش علاقوں میں یکم نومبر سے 15 نومبر تک کاشت کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ گندم کی بہتر فصل حاصل کرنے کیلئے کاشت کے موزوں ترین وقت کو ہمیشہ مد نظر رکھناچاہیے کیونکہ مقررہ وقت کے بعد کاشت کی صورت میں ہر روز تقریباً ایک فیصد کے حساب سے 15 سے20کلو گرام فی ایکڑ پیداوار میں کمی آنا شروع ہو جاتی ہے جس سے کاشتکاروں کو مالی نقصان کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتاہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=387813