سعودی ولی عہد کا شاہِ مراکش کو فون، زلزلے میں انسانی جانوں کے ضیاع پراظہارِتعزیت

90
سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان

ریاض ۔12ستمبر (اے پی پی):سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مراکش کے شاہ محمد ششم سے ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے اور ان سے مراکش میں حالیہ تباہ کن زلزلے میں انسانی جانوں کے ضیاع پرتعزیت کا اظہار کیا ہے۔

سعودی خبررساں ادارے کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے ان سے گفتگو میں سعودی عرب کی جانب سے مراکش اور اس کے عوام کے ساتھ غیرمتزلزل یک جہتی کا اظہار کیا ہے۔انھوں نے متعلقہ سعودی حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس الم ناک سانحے کے اثرات کو کم کرنے کے لیے فوری طور پر ضروری ریلیف اورانسانی امداد مہیّا کریں۔

مراکش کے شاہ محمد ششم نے سعودی عرب کے ہمدردانہ مؤقف اور مشکل کی اس گھڑی میں محبت وانس پر مبنی برادرانہ جذبات کے اظہار پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔مراکش میں جمعہ کی شب ریکٹر سکیل پر 6.8 کی شدت کا زلزلہ آیا تھا اور اس کے جھٹکے کوہ اطلس کے پہاڑی سلسلے میں دور دراز علاقوں تک محسوس کیے گئے تھے۔زلزلے کا مرکزتاریخی مراکش شہر سے 72 کلومیٹر جنوب مغرب میں تھا۔