جہلم۔ 12 ستمبر (اے پی پی):ضلع جہلم میں رواں سال کی دوسری 5 روزہ پولیو مہم کا آغاز 2 اکتوبر سے ہو رہا ہے جو 6 اکتوبر تک جاری رہے گی، اس دوران ضلع بھر میں 5 سال تک کی عمر کے 2 لاکھ 21 ہزار سے زائد بچوں کو گھر گھر جا کر پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، اس سلسلے میں انتظامات کا جائزہ اجلاس ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق کی زیرصدرات منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ نعیم اختر، انفارمیشن، ڈبلیو ایچ او نمائندہ، ایجوکیشن اور دیگر محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔
سی ای او ہیلتھ نے بریفننگ دیتے ہوئے بتایا کہ 2 اکتوبر سے شروع ہونے والی پولیو مہم کے دوران ضلع جہلم کی 56 یونین کونسلز میں 2 لاکھ 21 ہزار سے زائد بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، پولیو مہم میں 1094 موبائل ٹیمز، 74 فکسڈ ٹیمز، 24 ٹرانزٹ ٹیمز،223 آئی سی ایس ٹیمز اور 56 یو سی ایم او ایس حصہ لیں گی، انہوں نے بتایا کہ پولیو مہم کے لیے ویکسی نیشن اور سپروائزری سٹاف کی تعیناتی و تربیت سمیت دیگر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، پولیو مہم کے دوران تمام تر انتظامات کو مربوط انداز میں حتمی شکل دے کر جامع پلان پر حسب اہداف عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ پولیو ٹیمز میں ایک محکمہ ہیلتھ کا اہلکار لازمی ہونا چاہیے، ٹرانزٹ ٹیمز شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر تعینات کی جائیں، پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے آگاہی مہم چلائی جائے، انہوں نے پولیو ورکرز کی ٹریننگ و سیکیورٹی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔\378
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=389704