ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں اگست کے دوران 7فیصدکی نمو

ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں اگست کے دوران 7فیصدکی نمو

اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی): ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں اگست کے دوران ماہانہ بنیادوں پر7فیصدکی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق اگست میں ٹیکسٹائل گروپ کی برآمدات کا حجم 1.416ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوجولائی کے مقابلے میں 7فیصد زیادہ ہے۔ جولائی میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات سے ملک کو1.320ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔گزشتہ سال اگست کے مقابلے میں رواں سال اگست میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر17فیصدکی کمی ہوئی۔

گزشتہ سال اگست میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات کا حجم 1.70ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا جو رواں سال اگست میں کم ہوکر1.41ارب ڈالر ہوگیا۔جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں ٹیکسٹائل مصنوعات سے ملک کو2.73ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 13فیصد کم ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات سے 3.14ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔