اے اے سی گلیات کا چھانگلہ گلی میں پٹرول پمپ کا معائنہ، کم پیمائش پر فرق کی رقم صارفین کو واپس کرنے کی ہدایت

ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر گلیات محمد طارق نے چھانگلہ گلی میں واقع اٹک پٹرول پمپ کا معائنہ کیا جہاں سیاحوں اور عوام کو ایندھن کی عدم دستیابی کی شکایات موصول ہوئی تھیں۔

ایبٹ آباد۔ 29 جون (اے پی پی):ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر گلیات محمد طارق نے چھانگلہ گلی میں واقع اٹک پٹرول پمپ کا معائنہ کیا جہاں سیاحوں اور عوام کو ایندھن کی عدم دستیابی کی شکایات موصول ہوئی تھیں۔ ترجمان ڈپٹی کمشنر آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق معائنہ کے دوران تصدیق ہوئی کہ پٹرول پمپ پر ایندھن کی فراہمی بحال ہو چکی ہے اور انتظامیہ کو ہدایت جاری کی گئی کہ سیاحوں اور عوام کو بلا تعطل ایندھن کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ پٹرول اور ڈیزل کے گیجز کی جانچ کے دوران دو ڈسپنسنگ یونٹس میں مقررہ مقدار سے کم پیمائش پائی گئی، حساب کے مطابق پٹرول میں فی لیٹر 9 روپے 80 پیسے جبکہ ڈیزل میں فی لیٹر 9 روپے 50 پیسے کا فرق سامنے آیا۔ سیاحوں کی سہولت اور ایندھن کی دستیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے پٹرول پمپ کو سیل نہیں کیا گیا تاہم متاثرہ ڈسپنسنگ یونٹس پر نوٹس آویزاں کئے گئے اور انتظامیہ کو ہدایت کی گئی کہ صارفین کو کم پیمائش سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے فی لیٹر فرق کی رقم موقع پر واپس کی جائے۔

معائنہ کے دوران اس ہدایت پر عمل درآمد کی تصدیق بھی کی گئی، مزید برآں پٹرول پمپ کے مالک کے خلاف قانونی کارروائی کیلئے تھانہ چھانگلہ گلی کے ذریعہ مراسلہ جاری کیا گیا۔ قبل ازیں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر گلیات نے ماہانہ ڈسٹرکٹ سروس ڈیلیوری ٹاسک کے تحت مشک پوری ٹریک، ڈونگا گلی پارک اور چھانگلہ گلی پارک کا دورہ کیا۔ مشک پوری ٹریک پر سیاحوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، صفائی، سائن بورڈز، پارکنگ، ہارس رائیڈنگ اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ معائنہ کے دوران صفائی، پارکنگ، ہارس رائیڈنگ کے ضابطہ کار اور سیاحوں کی سہولیات میں مزید بہتری کیلئے متعلقہ حکام کو سفارشات پیش کی گئیں۔ ڈونگا گلی اور چھانگلہ گلی پارکس میں صفائی، جاگنگ ٹریک، واش رومز، جھولوں اور دیگر سہولیات کا معائنہ کیا گیا جہاں تمام سہولیات اطمینان بخش اور پارکس اچھی حالت میں پائے گئے۔