بی جے پی کی زیرِ قیادت ہندوتوا حکومت جموں و کشمیر کے عوام کی جائیدادوں اور قدرتی وسائل پر قبضہ کر کے انہیں بنیادی حقوق سے محروم کر رہی ہے، حریت کانفرنس

کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے سینئر رہنماؤں نے کہا ہے کہ بی جے پی کی زیرِ قیادت ہندوتوا حکومت جموں و کشمیر کے عوام کی زمینوں، جائیدادوں اور قدرتی وسائل پر قبضہ کر کے انہیں ان کے بنیادی حقوق سے محروم کر رہی ہے۔

اسلام آباد۔29جون (اے پی پی):کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے سینئر رہنماؤں نے کہا ہے کہ بی جے پی کی زیرِ قیادت ہندوتوا حکومت جموں و کشمیر کے عوام کی زمینوں، جائیدادوں اور قدرتی وسائل پر قبضہ کر کے انہیں ان کے بنیادی حقوق سے محروم کر رہی ہے۔پیر کو یہاں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے سینئر رہنماؤں شیخ محمد یعقوب،انجینئر مشتاق محمود اور مشتاق احمد بٹ نے اسلام آباد سے جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یک طرفہ بھارتی اقدامات کے بعدجموں و کشمیر کی صورتحال انتہائی سنگین ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیری عوام کی جائز اور پرامن تحریکِ آزادی کو طاقت کے ذریعے دبانے میں ناکام رہا ہے اور نہ ہی اسے کبھی کامیابی حاصل ہوگی۔

حریت رہنماؤں نے کہا کہ بھارت مسلسل اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے، جن میں جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت اور کشمیری عوام کے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کو تسلیم کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی فسطائی حکومت نےجموں و کشمیر میں ظلم و جبر، انسانی حقوق کی پامالیوں، جبری گرفتاریوں اور سیاسی انتقام کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی کے اقتدار میں آنے کے بعد نہ صرف جموں و کشمیر بلکہ بھارت بھر میں مسلمانوں اور دیگر مذہبی اقلیتوں کے خلاف تشدد، نفرت اور امتیازی سلوک میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔حریت رہنماؤں نے کہا کہ بھارت کشمیری عوام کی نسل کشی کے ساتھ ساتھ مقبوضہ علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے مذموم منصوبے پر عمل پیرا ہے، جو بین الاقوامی قوانین اور چوتھے جنیوا کنونشن کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے تمام مظالم، جبر اور ریاستی دہشت گردی کے باوجود کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہیں اور وہ اپنے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کے حصول اور تحریکِ آزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔حریت رہنماؤں نے اقوام متحدہ، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیں اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالیں۔