آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ، بھارت ایونٹ سے باہر،آسٹریلیا سیمی فائنل میں ویسٹ انڈیز کا سامنا کرے گا،ترجمان

آسٹریلیا نے لارڈز میں کھیلے گئے آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کے گروپ اے کے اہم میچ میں بھارت کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر نہ صرف ریکارڈ 171 رنز کا کامیاب تعاقب مکمل کیا بلکہ گروپ میں پہلی پوزیشن بھی حاصل کی۔

لاہور۔29جون (اے پی پی):آسٹریلیا نے لارڈز میں کھیلے گئے آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کے گروپ اے کے اہم میچ میں بھارت کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر نہ صرف ریکارڈ 171 رنز کا کامیاب تعاقب مکمل کیا بلکہ گروپ میں پہلی پوزیشن بھی حاصل کی۔ترجمان انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کے مطابق اس کامیابی کے ساتھ آسٹریلیا سیمی فائنل میں ویسٹ انڈیز کا سامنا کرے گا جبکہ جنوبی افریقہ نے بھی آخری چار ٹیموں میں جگہ بنا لی۔ دوسری جانب اس شکست کے بعد بھارت ایونٹ سے باہر ہو گیا۔بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے۔ اسمرتی مندھانا نے 38، شفالی ورما نے 34 اور جمیمہ روڈریگز نے 34 رنز کی اننگز کھیلیں جبکہ کپتان ہرمن پریت کور نے 25 گیندوں پر 56 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے سوفی مولینیو نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا،171 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کا آغاز ملا جلا رہا، تاہم ایلیس پیری اور ایشلی گارڈنر نے چوتھی وکٹ کے لیے 100 رنز کی شاندار شراکت قائم کر کے میچ کا رخ بدل دیا۔ پیری نے 56 جبکہ گارڈنر نے 50 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ جارجیا ویئرہم نے آخر میں فاتحانہ رنز بنا کر ٹیم کو ایک اوور قبل کامیابی دلا دی۔یہ آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے بڑا کامیاب رن چیز بھی ثابت ہوا۔ میچ لارڈز میں 27 ہزار 163 شائقین کے سامنے کھیلا گیا، جو ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کے کسی گروپ مرحلے کے میچ میں اب تک کی سب سے زیادہ حاضری ہے۔