آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کے بعد پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم وطن واپس پہنچ گئی۔
آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ،پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم وطن واپس پہنچ گئی
لاہور۔29جون (اے پی پی):آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کے بعد پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم وطن واپس پہنچ گئی۔ ترجمان آئی سی سی کے مطابق ورلڈ کپ سے قبل پاکستان ویمن ٹیم نے آئرلینڈ میں منعقدہ سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں بھی حصہ لیا تھا، جہاں ٹیم نے ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں اہم میچز کھیلے تھے۔ پاکستان ویمن ٹیم کا ورلڈ کپ میں سفر توقعات کے مطابق نہ رہا۔ قومی ٹیم نے گروپ مرحلے میں چار میچز کھیلے جن میں سے صرف ایک میں کامیابی حاصل کی جبکہ تین میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان کو اپنے پہلے میچ میں بھارت نے 64 رنز سے شکست دی، دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے دو وکٹوں سے ہرایا، تیسرے میچ میں بنگلہ دیش نے 23 رنز سے کامیابی حاصل کی جبکہ آخری گروپ میچ میں پاکستان نے نیدرلینڈز کو 37 رنز سے شکست دے کر ایونٹ کا اختتام فتح کے ساتھ کیا۔ کپتان فاطمہ ثنا نے آل رانڈ کارکردگی سے ٹیم کے لیے نمایاں کردار ادا کیا جبکہ آخری میچ میں عائشہ ظفر نے 32 رنز بنانے کے ساتھ 3 وکٹیں حاصل کر کے پاکستان کی واحد فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ مجموعی طور پر پاکستان کی ٹیم سیمی فائنل تک رسائی حاصل نہ کر سکی اور گروپ مرحلے سے ہی ایونٹ سے باہر ہوگئی۔









