وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کسانوں کو بلا رکاوٹ اور آسان شرائط پر مالی وسائل تک رسائی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بینک اور مالیاتی ادارے کسانوں، ایس ایم ایز اور ہاؤسنگ سیکٹر کو قرضوں کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کریں۔
بینک اور مالیاتی ادارے کسانوں، ایس ایم ایز اور ہاؤسنگ سیکٹر کو قرضوں کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کریں، محمد شہباز شریف

مزید خبریں
اسلام آباد۔9ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کسانوں کو بلا رکاوٹ اور آسان شرائط پر مالی وسائل تک رسائی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بینک اور مالیاتی ادارے کسانوں، ایس ایم ایز اور ہاؤسنگ سیکٹر کو قرضوں کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کریں۔
بدھ کو پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت مالیات تک رسائی منصوبہ 28-2026 کے حوالے سے اجلاس منعقد ہواجس میں وزیراعظم اپنا گھر سکیم، زراعت اور ایس ایم ایز کے شعبوں کی ترقی کےلئے فنانسنگ پر پیشرفت کے حوالے سے جاری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ بینک اور مالیاتی ادارے کسانوں، ایس ایم ایز اور ہاؤسنگ سیکٹر کو قرضوں کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کریں، جو بینک قرضوں کی فراہمی میں بھرپور کردار ادا کریں گے حکومت ان کی حوصلہ افزائی کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے جس کے فروغ کے لئے کام کرنا قومی ذمہ داری ہے۔ وزیراعظم نے کسانوں کو بلا رکاوٹ اور آسان شرائط پر مالی وسائل تک رسائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ کم آمدن اور متوسط طبقات کے لئے سستی ہاؤسنگ کی فراہمی ہماری ترجیح ہے،صوبائی چیف سیکرٹریز ایسی املاک کا جامع سروے کرائیں جن کےلئے بینک اپنے گھر کے خواہشمند افراد کو ’’وزیراعظم اپنا گھر سکیم‘‘ کے تحت قرضہ مہیا کر سکیں۔
اجلاس کو ہاؤسنگ ، زراعت اور ایس ایم ایز کے شعبوں کی فنانسنگ کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم اپنا گھر سکیم کے حوالے سے اب تک 147,504 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 53,127 منظور ہو چکی ہیں، اس سکیم کے تحت منظور شدہ درخواستوں کی کل مالیت 313.42 بلین روپے ہے جبکہ 8,739 درخواست گزاروں کو 45.43 بلین روپے کے قرضے فراہم کئے جا چکے ہیں۔ ملک بھر میں مورگیج کی شرائط پوری کرنے والے پلاٹس کی نشاندہی کے لئے نظام تیار کیا جا رہا ہے جس کا پائلٹ اسلام آباد سے ہو گا۔
اپنا گھر سکیم کو مزید مربوط بنانے کے لیے معروف ہاؤس ڈویلپرز کو اس عمل میں شامل کرنے کے لیے مؤثر طریقہ کار وضع کیا جائے گا۔ زرعی شعبے کے لئے بینکوں کی جانب سے قرضے کا حجم اگست 2026 میں 1.268 ٹریلین روپے رہا جبکہ ایکسیس ٹو فنانس پلان 2028-2026کے تحت جون 2028 تک 2 ٹریلین روپے کا حدف مقرر کیاگیا ہے۔ زرخیزای (Zarkhez-e)ایپ کے ذریعے آسان قرضے کے لئے 35,838 درخواستیں موصول ہوئیں جس کے لئے7.35 بلین روپے منظور ہوئے جن میں سے 1.96 بلین روپے کے قرضے جاری کئےجا چکے ہیں۔اگست 2026 تک بینکوں کی جانب سے ایس ایم ای کے شعبے کو قرضوں کا حجم 1.067 ٹریلین روپے رہا جبکہ ایکسیس ٹو فنانس پلان 2028-2026کے تحت جون 2028 تک ان قرضوں کا حدف 2 ٹریلین روپے رکھا گیا ہے۔
بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ سمیڈا نے گزشتہ تین ماہ میں 1096 ایس ایم ایز کو فائنانشل لٹریسی کی تربیت دی۔اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزرا احد خان چیمہ، رانا تنویر حسین، محمد اورنگزیب، ریاض حسین پیر زادہ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، مشیر وزیراعظم ہارون اختر خان، گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد، چاروں صوبوں اور آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریز، IBRD کی کنٹری ڈائریکٹر بولورما امگآبزر، پاکستانی بینکوں کے صدور و سی ای اوز اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔








