وفاقی وزیر برائے صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ٹیلی میڈیسن اہم سکیم ہے جس کے ذریعے عوام کو اپنے گھروں کے قریب طبی سہولیات فراہم کی جا سکتی ہیں اور انہیں معمولی بیماریوں کے علاج کے لیے دور دراز ہسپتالوں کا رخ کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی
ٹیلی میڈیسن اہم سکیم ، حکومت عوام کو صحت کی سہولیات دہلیز کے قریب فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، مصطفیٰ کمال

مزید خبریں
اسلام آباد۔9ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ٹیلی میڈیسن اہم سکیم ہے جس کے ذریعے عوام کو اپنے گھروں کے قریب طبی سہولیات فراہم کی جا سکتی ہیں اور انہیں معمولی بیماریوں کے علاج کے لیے دور دراز ہسپتالوں کا رخ کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
یہ بات انہوں نے ٹیلی میڈیسن سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو صحت کی سہولیات ان کی دہلیز کے قریب فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں،ہر بچے کو پولیو کے قطرے پلانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ بچوں کو 13 خطرناک بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے حفاظتی ٹیکہ جات کی سہولت بھی موجود ہے، والدین اس بات کو یقینی بنائیں کہ ایک سال سے پانچ سال تک کی عمر کے کسی بچے کا بھی کوئی حفاظتی ٹیکہ رہ نہ جائے۔انہوں نے کہا کہ بیماریوں سے بچاؤ کے لیے بروقت حفاظتی اقدامات کیے جائیں تو بچوں کو ڈسپنسریوں اور ہسپتالوں میں بیمار ہو کر جانے کی ضرورت کم ہو سکتی ہے، صحت مند معاشرے کے لیے بیماری سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر بنیادی اہمیت رکھتی ہیں۔
وفاقی وزیر نے ٹیلی میڈیسن منصوبے کی پہلی فیز کے آخری مرکز کے افتتاح اور اس مرحلے کی تکمیل پر ڈاکٹر سارہ، ان کی ٹیم، ڈی ایچ او اسلام آباد ڈاکٹر راشدہ انجم اور تمام متعلقہ افسران و ہیلتھ ورکرز کو مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ ٹیلی میڈیسن سینٹرز سے مستفید ہونے والے مریضوں کی خدمت نیک عمل ہے جس کا اجر دنیا اور آخرت دونوں میں ملے گا۔وفاقی وزیر نے منصوبے کی کامیابی کے لیے کام کرنے والی پوری ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت کے اس عمل کو مزید مؤثر اور وسیع کیا جائے گا۔







