امریکا کی ریاست کولوراڈو اور یوٹا کی سرحد پر جنگلات میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کے لیے کارروائی کے دوران تین فائر فائٹرز ہلاک اور دو جھلس کر زخمی ہو گئے۔
امریکا، جنگلات میں لگی آگ بجھاتے ہوئے 3 فائر فائٹرز ہلاک، 2 زخمی
واشنگٹن ۔29جون (اے پی پی):امریکا کی ریاست کولوراڈو اور یوٹا کی سرحد پر جنگلات میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کے لیے کارروائی کے دوران تین فائر فائٹرز ہلاک اور دو جھلس کر زخمی ہو گئے۔شنہواکے مطابق امریکی وائلڈ لینڈ فائر سروس نے بتایا کہ یہ واقعہ میسا کاؤنٹی میں نولز اور گور نامی جنگلاتی آگ پر قابو پانے کے دوران پیش آیا، جہاں آگ کے شعلوں نے اچانک فائر فائٹرز کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔امریکی محکمہ داخلہ کے مطابق ہنگامی صورتحال میں عملے نے حفاظتی فائر شیلٹرز استعمال کیے، تاہم تین اہلکار جان کی بازی ہار گئے، جبکہ دو زخمیوں کو جھلسنے کے باعث ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔محکمہ داخلہ نے بتایا کہ بعد ازاں نولز اور گور کی آگ دیگر مقامات پر لگی آگ کے ساتھ مل کر سنائیڈر فائر کی شکل اختیار کر گئی۔ادھر کولوراڈو کے گورنر جیرڈ پولس نے ہفتہ کو آفت کی ہنگامی حالت کا اعلان کرتے ہوئے آگ بجھانے کی کارروائیوں میں مدد کے لیے نیشنل گارڈ کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔









