فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ سٹیج کے میچز شاندار کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئے ہیں جس کے دوران فٹ بال کی تاریخ کے اس سب سے بڑے ایونٹ نے حاضری، عالمی ناظرین اور شائقین کی دلچسپی کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ کر ایک نیا بینچ مارک قائم کر دیا ہے۔
فیفا کپ ، گروپ سٹیج نے حاضری اور مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کر دیئے
زیورخ ۔29جون (اے پی پی):فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ سٹیج کے میچز شاندار کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئے ہیں جس کے دوران فٹ بال کی تاریخ کے اس سب سے بڑے ایونٹ نے حاضری، عالمی ناظرین اور شائقین کی دلچسپی کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ کر ایک نیا بینچ مارک قائم کر دیا ہے۔ کینیڈا، میکسیکو اور امریکامیں کھیلے جا رہے اس ٹورنامنٹ کے پہلے 17 دنوں کے دوران مجموعی طور پر 46 لاکھ سے زائد شائقین نے سٹیڈیم کا رخ کیا۔ٹورنامنٹ کی تاریخ میں پہلی بار 48 ٹیموں پر مشتمل اس فارمیٹ نے دنیا بھر کے کھلاڑیوں اور مداحوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا ہے، جہاں 16 میزبان شہروں میں اب تک 72 سنسنی خیز میچز کھیلے جا چکے ہیں۔ فٹ بال کی تاریخ کے اس سب سے وسیع ایونٹ میں قائم ہونے والے ’فیفا فین فیسٹیول‘ نے بھی ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے، جہاں اب تک دنیا بھر سے ریکارڈ 55 لاکھ (5.5 ملین) فٹ بال فینز یکجا ہو چکے ہیں۔
گروپ سٹیج کے ان 72 میچوں کی کامیابی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ سٹیڈیمز میں مجموعی حاضری 4,644,549 تک پہنچ چکی ہے، جبکہ میچز کے دوران شائقین کی جانب سے 3 لاکھ سے زیادہ ہاٹ ڈاگز چٹ کیے گئے۔ اعدادوشمار کے مطابق، اگر ان تمام فروخت ہونے والے ہاٹ ڈاگز کو ایک لائن میں جوڑا جائے تو ان کی لمبائی نیویارک نیو جرسی سٹیڈیم سے جے ایف کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے درمیان کے 28 میل (45 کلومیٹر) کے فاصلے کے برابر بنتی ہے۔اس مرتبہ ایونٹ میں 48 ممالک کی نمائندگی کرنے والے 1,248 کھلاڑی شامل ہیں، جن میں سے 999 کھلاڑیوں کو گروپ سٹیج کے میچز میں ایکشن دکھانے کا موقع ملا ہے۔ فیفا کمیونیکیشنز ڈویژن کے مطابق، فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پہلے 17 دنوں نے اپنے بے مثال سکیل، گلوبل کوریج اور شائقین کے جوش و خروش سے یہ ثابت کر دیا ہے کہ یہ فٹ بال کی تاریخ کا سب سے یادگار اور عظیم الشان شو ہے اور آنے والے ناک آؤٹ مرحلے میں مزید سنسنی خیز مقابلوں کی توقع ہے۔









