وزیرمملکت اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب کی میڈیا سے گفتگو

116
APP05-24 ISLAMABAD: January 24 – Minister of State for Information, Broadcasting and National Heritage Ms. Marriyum Aurangzeb talking to media person outside Supreme Court. APP photo by Saeed-ul-Mulk

اسلام آباد ۔24 جنوری (اے پی پی)وزیرمملکت اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کے دن اور رات الزامات لگانے میں گذر جاتے ہیں ‘آج بھی عمران خان عدالتی کارروائی چھوڑ کر جھوٹ بولنے کے لئے عدالت سے باہر آئے ‘عمران خان کی پٹیشن میں مریم نواز کا کہیں ذکر ہی نہیں ‘الزامات لگا کر معافی مانگنا عمران خان کی عادت بن چکی ہے‘الیکشن کمیشن کے بعد سپریم کورٹ میں بھی جلد عمران خان معافی مانگیں گے۔ منگل کو یہاں میڈیا سے گفتگو میں وزیر مملکت نے کہا کہ عمران خان نے صبح و شام جھوٹے الزامات لگا کر مریم نواز کو بدنام کرنے کی کوشش کی اور ہمارے جمع کرائے گئے کاغذات پر تحریک انصاف نے کوئی جوابی دستاویز جمع نہیں کرائی ۔انہوں نے کہا کہ وہ عمران خان کومبارکباد دیتی ہیں کہ ملتان میں بھی وزیراعظم محمد نواز شریف نے میٹرو بس منصوبے کا افتتاح کر دیا ہے،وزیراعظم محمد نواز شریف پاکستان کو ترقی اور آگے لے جانے کی دوڑ میں لگے ہوئے ہیں جبکہ عمران خان پانامہ لیکس کے نام پر صرف سیاست کر رہے ہیں۔وزیرمملکت نے کہاکہ عمران خان نے خیبرپختونخوا میں کارکردگی دکھائی ہے اور نہ ہی دکھائیں گے کیونکہ ان میں کارکردگی د کھانے کی صلاحیت ہی موجود ہی نہیں ۔وزیر مملکت نے کہاکہ عمران خان نے عدالت میں سماعت ختم ہونے سے 15 منٹ پہلے سپریم کورٹ سے باہر آ کر جھوٹ بولے ہیں کیونکہ یہ ان کی عادت ہے،انہوں نے وہی بات کی ہے جس کا انہوں نے کورٹ میں ذکر تک نہیں کیا ، عمران خان صبح شام مریم نواز شریف پر جھوٹے اوربے بنیاد الزام لگاتے ہیں ، کبھی کنٹینر کے اوپر چڑھ جاتے ہیں تو کبھی سڑکوں پر لاک ڈاون کرتے ہیںلیکن آج جب مریم نواز شریف کے وکیل نے اپنے دلائل شروع کئے تو تمام ٹی وی نیوز چینلز کی سکرین پر ٹکر چلے کہ عمران خان صاحب کی عدالت میں دائر کردہ پیٹیشن میں مریم نواز شریف کا ذکر ہی موجود نہیں ،اسی طرح دوسری دو پیٹشن میں مریم نواز شریف کا کوئی ذکر نہیں ہے کیونکہ ان کے پاس مریم نواز کے خلاف کوئی دستاویز نہیں ہے جو ہمارے جمع کرائے گئے دستاویز کو چیلنج کر سکے ۔