نگراں وفاقی وزیر مواصلات شاہد اشرف تارڑ سے آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف کی ملاقات

126
نگراں وفاقی وزیر مواصلات شاہد اشرف تارڑ

اسلام آباد۔25ستمبر (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر برائے مواصلات، ریلویز و سمندری امور شاہد اشرف تارڑ سے آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آذربائیجان کے سفیر نےکہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کا تعلق ہر لحاظ سے بےمثال ہے،

پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان براہ راست پرواز کا آغاز کرنے کے بعد ہم دونوں ممالک کو ریلوے اور روڈ سے جوڑنا چاہتے ہیں، ہماری توجہ اقتصادی تعاون کو فروغ دینے پر ہے،ہم پاکستان کو بین الاقوامی ٹرانسپورٹ کا حصہ بنا کر تمام علاقائی ممالک سے جوڑنا چاہتے ہیں، پاکستانی تجارت براستہ آذربائیجان یورپ اور روس تک رسائی حاصل کر سکتی ہے، تجارت کو فروغ دینے کے لیے اس منصوبے میں پرائیویٹ سیکٹر کو شامل کیا جائے گا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ چیئرمین ریلویز کو آذربائیجان کے ساتھ ریل روٹ جوڑنے کی ہدایات دے دی ہیں، وقت آگیا ہے کے اپنے اچھے تعلقات کو اقتصادی تعاون میں بدلا جائے، پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کو جلد سے جلد حتمی شکل دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ دونوں ممالک مل کر بہت جلد ان تجاویز کو عملی شکل دیں گے۔