واشنگٹن ۔26ستمبر (اے پی پی):امریکا نے کہا کہ فرانس کے نائیجر سے انخلا کےبعدنائیجر کے حوالے سے امریکی موقف میں کو ئی تبدیلی نہیں آئے گی ۔ فرانس کے نائیجر سے اپنی افواج کے انخلا کے اعلان کے بعد امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ فرانس کے اس اقدام کے بعد ہمارا موقف تبدیل نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ نائیجر میں اس وقت تقریباً 11 سوامریکی فوجی اہلکار تعینات ہیں۔ دوسری جانب امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نےاعلان کیا کہ فرانس کی جانب سےنائیجر سے اپنے سفیر اور افواج کے انخلا کے اعلان کے بعدامریکا نائیجر کے بحران کے حوالے سے اپنے مستقبل کے اقدامات کا جائزہ لے گا۔
انہوں نے کینیا کے دورے کے دوران نیروبی میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ جب ہم سفارت کاری کو ایک موقع دیتے ہیں، تو ہم مستقبل کے لئے ایسے اقدامات کا بھی جائزہ لیتے رہیں گے جو ہمارے سفارتی اور سلامتی کے اہداف کو ترجیح دیں گے۔