اسلام آباد۔3اکتوبر (اے پی پی):کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ملک میں نیکسٹ جنریشن موبائل براڈبینڈسروسزکی بہتری کیلئے آئی ایم ٹی سپیکٹرم کی ریلیز کے حوالہ سے سمری اور نافروخت شدہ آئی ایم ٹی سپیکٹرم کی ریلیز کیلئے مشاورتی کمیٹی کے قیام کی منظوری دیدی، ای سی سی نے وزارت توانائی کو فرٹیلائزرز پلانٹس کو گیس کی فراہمی جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی ہے تاکہ مارکیٹ میں کھادوں کی معقول دستیابی کویقینی بنایا جاسکے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کااجلاس منگل کویہاں نگراں وفاقی وزیرخزانہ،محصولات واقتصادی امور ڈاکٹرشمشاداخترکی زیرصدارت منعقدہوا، اجلاس میں وزیرتجارت، وزیرتجارت گوہراعجاز،وزیرمواصلات شاہداشرف تارڑ، وزیرپاورمحمدعلی، وزیرآئی ٹی ڈاکٹرعمرسیف، وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ ڈاکٹروقارمسعود، چئیرمین ایس ای سی پی، وفاقی سیکرٹریز اورمتعلقہ وزارتوں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے صارفین کیلئے قیمتوں کے عمومی اشاریہ (سی پی آئی) سمیت اہم معاشی اشاریوں کے رحجانات پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کے شرکاء نے اہم معاشی اشاریوں اورقیمتوں کے رحجانات کا جائزہ لیا۔اجلاس میں سیکرٹری منصوبہ بندی، سیکرٹری تجارت، سیکرٹری غذائی تحفظ وتحقیق اورسیکرٹری صنعت وپیداوارپرمشتمل کورگروپ کے قیام کا فیصلہ کیاگیا۔ گروپ کو ضروری اشیاء کی قیمتوں اوران اشیاء کے سٹریٹجک ذخائر کو برقراررکھنے کیلئے ای سی سی کو ٹھوس تجاویز اورسفارشات دینے کا مینڈیٹ دیا گیاہے،
اجلاس میں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی وٹیلی کمیونیکیشن کی جانب سے ٹیلی کام انفراسٹرکچر شئیرنگ فریم ورک بارے سمری پیش کی گئی، ای سی سی نے اولین ٹیلی کام انفراسٹرکچر شئیرنگ فریم ورک کا تفصیل سے جائزہ لیا اوراس کی منظوری دی، اجلاس میں ملک میں نیکسٹ جنریشن موبائل براڈبینڈسروسزکی بہتری کیلئے آئی ایم ٹی سپیکٹرم کی ریلیز کے حوالہ سے سمری کی منظوری بھی دی گئی، ای سی سی نے نافروخت شدہ آئی ایم ٹی سپیکٹرم کی ریلیز کیلئے مشاورتی کمیٹی کے قیام کی منظوری بھی دی۔
اجلاس میں وزارت صنعت وپیداوارکی جانبسے میسرز طوارق سٹیل ملزلیمیٹڈ کے نام کو نیشنل سٹیل کمپلیکس سے تبدیل کرنے سے متعلق سمری بھی پیش کی گئی، اجلاس میں اس سمری کاجائزہ لیاگیا اورلاڈویژن کی توثیق سے اس کی مشروط منظوری دی۔ اجلاس میں فرٹیلائزرز پلانٹس کیلئے گیس کی تخصیص اورقیمت سے متعلق وزارت توانائی اوروزارت صنعت وپیداوارکی سمریوں کی بھی جائزہ لیاگیا، ای سی سی نے تفصیلی بحث کے بعد وزارت توانائی کو فرٹیلائزرز پلانٹس کو گیس کی فراہمی جاری رکھنے کی ہدایت کی تاکہ مارکیٹ میں کھادوں کی معقول دستیابی کویقینی بنایا جاسکے۔
اجلا س میں وزارت خزانہ، وزارت منصوبہ بندی، وزارت تجارت، فوڈسیکورٹی، صنعت وپیداوار، پاور اوروزارت توانائی پرمشتمل بین الوزارتی کمیٹی کے قیام کافیصلہ کیاگیا، یہ کمیٹی فرٹیلائزرزپلانٹس کیلئے گیس کی تخصیص اورقیمتوں کے تعین کے حوالہ سے سفارشات مرتب کریں گی۔