
اسلام آباد ۔ 26 جنوری (اے پی پی) وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے عالمی بینک گروپ کی چیف ایگزیکٹو آفیسر کرسٹینا آئی جورجیوا کی قیادت میں ایک وفد نے جمعرات کو ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر خزانہ نے ملک میں اقتصادی ماحول کی بہتر صورتحال اور حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات کے حوالہ سے وفد کو بتایا۔ انہوں نے کہا کہ تمام میکرو اکنامک اشاریے بتاتے ہیں کہ قومی معیشت ترقی کر رہی ہے۔ انہوں نے وفد کو تجویز پیش کی کہ پاکستان میں عالمی مالیاتی اداروں کی جانب سے بنیادی ڈھانچہ، توانائی، سماجی خدمات اور علاقائی رابطوں کے فروغ کے منصوبوں پر کی جانے والی سرمایہ کاری میں 50 فیصد کا اضافہ کیا جائے۔ وفاقی وزیر نے وفد کو بتایا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت نجی شعبہ کی سرمایہ کاری کی شرح زیادہ ہے جبکہ سی پیک کی 46 ارب ڈالر کی مجموعی سرمایہ کاری میں نجی شعبہ کی سرمایہ کاری کا حصہ 30 ارب ڈالر ہے جبکہ سرکاری شعبہ کے تحت بنیادی ڈھانچہ، سڑکوں کی تعمیر، توانائی اور ریلوے وغیرہ کے شعبوں کیلئے سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایف سی اس طرح کے منصوبوں کی سرمایہ کاری کیلئے منصوبہ بندی کرے۔