روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان آئی سی سی مینز ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا بارہواں میچ (کل )کھیلا جائے گا

204
روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان آئی سی سی مینز ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا بارہواں میچ (کل )کھیلا جائے گا

اسلام آباد۔13اکتوبر (اے پی پی): انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی )کے زیر اہتمام آئی سی سی مینز ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں (کل)ہفتہ کو ایک میچ کھیلا جائے گا، جس میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

یہ میچ میگا ایونٹ کا بارہواں میچ ہوگا اور دن 1 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام بھارت میں جاری آئی سی سی مینز ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کا 13واں ایڈیشن جاری ہے جس میں شائقین کرکٹ کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں ۔ میگا ایونٹ میں (کل )ہفتہ کو ایک میچ کھیلا جائے گا جس میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں نریندر مودی سٹیڈیم، احمد آباد کے مقام پر پنجہ آزمائی کریں گی ۔ میچ دن 1 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔ میگا ایونٹ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں دو، دو میچ کھیل چکی ہیں اور دونوں ٹیمیں اپنے دونوں میچز جیت چکی ہیں۔

پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں نیدرلینڈز جبکہ دوسرے میچ میں سری لنکا کو شکست دی ،اسی طرح میزبان بھارت نے اپنے پہلے میچ میں آسٹریلیا جبکہ دوسرے میچ میں افغانستان کی ٹیم کو ہرایا تھا۔ پاکستان ٹیم کو مایہ ناز بلے باز بابر اعظم لیڈ کریں گے جبکہ بھارتی ٹیم مایہ ناز اوپننگ بلے باز روہت شرما کی زیر قیادت میدان میں اترے گی۔ آسٹریلوی ٹیم کو سب سے زیادہ 5 مرتبہ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔

بھارت اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں دو، دو مرتبہ ٹائٹل جیت چکی ہیں جبکہ پاکستان ، انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں ایک ایک مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے۔