فیصل آباد ۔ 17 اکتوبر (اے پی پی):نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پنجاب کابینہ کے ہمراہ فیصل آبادمیں کوچ میں سفرکرکے منفرد روایت قائم کی جبکہ چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور سیکرٹریز بھی کوچ میں بیٹھ کر کمشنر آفس سے ہوٹل پہنچے۔
بعد ازاں کمشنر آفس میں وزیر اعلیٰ محسن نقوی سے فلور ملز ایسوسی ایشن،کریانہ ایسوسی ایشن پنجاب، بار ایسوسی ایشن کے وفود نے ملاقاتیں کیں اور بریفنگز بھی دی گئیں۔پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے وفد کی وزیراعلیٰ محسن نقوی سے ملاقات میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد آٹے کے نرخ کم کرنے کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہاکہ آٹے کی قیمت میں کمی سے صوبے کی عوام کو حقیقی ریلیف ملے گاجبکہ گندم کی ریلیز پالیسی کا جلد اعلان کردیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ سے کریانہ ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر و جنرل سیکرٹری کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی اور عوام کو ریلیف دینے کے حوالہ سے دالوں کی قیمتوں میں کمی کیلئے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی سے فیصل آباد بار ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات میں وکلا برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے مسائل خود نوٹ کئے اور حل کی یقین دہانی کرائی او رکہاکہ وکلا کی لائبریری کے قیام کیلئے معاونت کریں گے۔ وزیر اعلیٰ نے فیصل آباد میں بجلی چوری روکنے کیلئے جاری آپریشن سے متعلق اجلاس کی صدارت کی جس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر فیسکوانجینئر بشیر احمد نے بجلی چوری روکنے کیلئے جاری آپریشن کے بارے بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ بجلی چوری کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے۔وزیراعلیٰ کو فیصل آباد ڈویژن کی کمشنر سلوت سعید، آر پی ا و، ڈی سیز اور ڈی پی اوز نے بھی بریفنگ دی گئی۔صوبائی وزیر صنعت ایس ایم تنویر، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، کمشنر فیصل آباد ڈویژن، سی پی او فیصل آباد، ڈپٹی کمشنر فیصل آباد بھی اس موقع پر موجود تھے۔