وفاقی وزیرِ مذہبی امور انیق احمد سے سیکرٹری جنرل وفاق المدارس العربیہ پاکستان مولانا محمد حنیف جالندھری کی ملاقات

117
وفاقی وزیرِ مذہبی امور انیق احمد سے سیکرٹری جنرل وفاق المدارس العربیہ پاکستان مولانا محمد حنیف جالندھری کی ملاقات

اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیرِ مذہبی امور انیق احمد سے سیکرٹری جنرل وفاق المدارس العربیہ پاکستان مولانا محمد حنیف جالندھری نے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے قرآن کریم کی درست اشاعت ، مسلکی ہم آہنگی کے فروغ اور وحدت اُمت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ عرب اور عجم سے نکل کر تصور اُمت بحال کرنے کی شدید ضرورت ہے۔ معاشرے میں اسلامی تعلیمات کے فروغ کیلئے علمائے کرام کا کردار ناگزیر ہے۔ خطہ میں ہر قسم کی مذہبی منافرت اور انتہا پسندی کا ملکر خاتمہ کریں گے۔

دونوں رہنماوں نے غزہ میں محصور نہتی خواتین اور معصوم بچوں کی شہادتوں پر گہرے رنج و غم اور تشویش کا اظہارکیا۔ انیق احمد نے کہا کہ کفر ملت واحد ہے تو ہم مسلمان یکجان کیوں نہیں ہوتے۔ انہوں نے ملت اسلامیہ سے وحدت اور مشترکہ لائحہ عمل کا مطالبہ کیا اور آئندہ او آئی سی اجلاس میں بھرپور حکمت عملی اختیار کرنے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے بڑی طاقتوں سے کشیدگی ختم کرنے اور فلسطینی عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کے حل کی ضرورت پر زور دیا۔ سیکرٹری جنرل وفاق المدارس العربیہ کے سیکرٹری جنرل مولانا محمد حنیف جالندھری نے بتایا کہ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے تحت 23 ہزار مدارس اور 30 لاکھ طلباء و طالبات زیر تعلیم ہیں۔ وفاق المدارس العربیہ کے زیر انتظام ترکی، متحد عرب امارات اور ہانگ کانگ میں بھی مدارس کام کر رہے ہیں۔