38.8 C
Islamabad
جمعہ, مئی 16, 2025
ہومکھیل کی خبریںورلڈ کپ ، بھارت نے بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے شکست...

ورلڈ کپ ، بھارت نے بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل چوتھی کامیابی حاصل کرلی، ویرات کوہلی کی سنچری

- Advertisement -

پونے۔19اکتوبر (اے پی پی):آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے میچ میں بھارت نے بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل چوتھی کامیابی حاصل کرلی، بھارت نے بنگلہ دیش کا 257 رنز کا ہدف 42ویں اوور میں ہی حاصل کرلیا، سٹار بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی نے اپنے ون ڈے کیریئر کی 48 ویں سنچری سکور کی اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ جمعرات کے روز مہاراشٹرا کرکٹ ایسوسی ایشن سٹیڈیم پونے میں کھیلے گئے

ورلڈ کپ کے 17ویں میچ میں بنگلہ دیشی کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں8 وکٹوں کے نقصان پر256 رنز بنائے، بنگلہ دیشی اوپنرز تنزید حسن اور لٹن داس نے اننگز کا شانداز آغاز کرتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں 93 رنز بنائے، تنزید نے 43 بالوں پر 51 اور لٹن داس نے 82 بالوں پر 66 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، ان دونوں بیٹرز کے آئوٹ ہونے کے بعد بنگلہ دیشی مڈل آرڈر سکور کو آگے بڑھانے میں ناکام رہا ،کپتان نجم الحسن شنٹو 8، مہدی حسن میراز 3 اور توحید ہریدوئے 16 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔

- Advertisement -

مشفیق الرحیم38 اور محمود اللہ 36 بالوں پر 46 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ مستفیض الرحمان ایک اور شریف الاسلام سات رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ بھارت کی طرف سے جسپریت بمرا، محمد سراج اور رویندرا جدیجا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، شاردل ٹھاکر اور کلدیپ یادیو نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ بھارت نے بنگلہ دیش کا 257 رنز کا ہدف 42ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، بھارتی اوپنرز نے ہدف کے تعاقب میں پراعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور 88 رنز کی شراکت قائم کی۔ کپتان روہت شرما 48 ، شبمان گل 53 اور شریاس ایر 19 رنز کی اننگز کھیل کر آئوٹ ہوئے تو اس موقع پر سٹار بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نہ صرف اپنے ون ڈے کیریئر کی 48 ویں سنچری سکور کی بلکہ ٹیم کو ایک آسان فتح سے ہمکنار کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔

وہ 97 بالوں پر 4 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 103 رنز اور ایل راہول 34 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ بنگلہ دیش کی طرف سے مہدی حسن نے دو اور حسن محمود نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ ویرات کوہلی کو شاندار پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اس فتح کے بعد بھارتی ٹیم مسلسل چوتھی فتح کے بعد ورلڈ کپ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر برقرار ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=403203

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں