آئیسکو نے بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کے ایک ماہ میں 7کروڑ85 لاکھ85ہزار سے زائد کا جرمانہ وصول کیا

137
IESCO

اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):آئیسکو نے بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کے ایک ماہ میں 7کروڑ85 لاکھ85ہزار سے زائد کا جرمانہ وصول کیا ۔ ترجمان کے مطابق حکومت پاکستان اور وزارت توانائی کے احکامات کی روشنی میں اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی( آئیسکو) کے تمام آپریشن سرکلز بشمول اسلام آباد راولپنڈی سٹی،راولپنڈی کینٹ، اٹک، جہلم اور چکوال میں بجلی چوروں کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے

، جس میں بجلی چوروں کو بھاری جرمانے اور گرفتاریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ماہ اکتوبر 2023میں آئیسکوڈیٹیکشن ٹیموں نے1لاکھ18ہزار149میٹرز کو چیک کیا1ہزار373میٹرز سے17 لاکھ9 ہزار918 بجلی کے یونٹس کے غیر قانونی استعمال پر متعلقہ صارفین کو آئیسکو کی جانب سے7کروڑ85 لاکھ85ہزار سے زائد کے جرمانے عائد کرتے ہوئے بجلی کے ڈائریکٹ استعمال،میٹرز ٹیمپرڈ کرنے والوں کے بجلی کنکشنز منقطع کر کے میٹرز اتار لئے گئے،

بجلی چوروں کے خلاف 88 ایف آئی آرز کا اندراج کر کے49افراد کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔7 ستمبر 2023 سے جاری انسداد بجلی چوری مہم کے دوران مجموعی طور پر اب تک 1لاکھ 93ہزار 855میٹرز کو چیک کیا گیا جن میں سے2ہزار837بجلی چوروں پر37لاکھ 72ہزارسے زائدیونٹس چارج کر کے 17کروڑ52لاکھ 15ہزار900کے جرمانے عائد کیے گئے۔

مجموعی طور پر اب تک کی جانے والی کاروائیوں میں486ایف آئی آرز کا اندراج کر کے پولیس کی جانب سے393بجلی چوروں کو گرفتار کیا گیا۔آئیسکو چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر محمد امجد خان کا کارکردگی جائزہ اجلاس کی صدارات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بجلی چوروںکسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں کیوںکہ بجلی چور پاکستان اور آئیسکو کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہے ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بجلی چوری کے ناسور سے آئیسکو کونجات دلا کر ہی دم لیں گئے۔انہوں نے صارفین سے درخواست کی ہے کی وہ اس قومی مہم میں آئیسکو کا ساتھ دیں اور بجلی چوروں کی اطلاع ہیلپ لائن نمبر 118 یا کمپلینٹ اینڈ مانیٹرنگ سیل کے نمبرز 051-9252933-34 پر دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔