تیل اور گیس کی تلاش اور پیداوار میں ماحول دوست طریقوں کو فروغ دینے کے لیے نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ اور او جی ڈی سی ایل میں معاہدہ

94

اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):پائیدار ترقی کے اہداف کے مطابق تیل اور گیس کی تلاش اور پیداوار کے شعبے میں سماجی طور پر ذمہ دارانہ اور ماحول دوست طریقوں کو فروغ دینے کے لیے نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ (این ڈی آر ایم ایف)اور آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے تعاون کی ایک دستاویز پر دستخط کیے۔ جس کے تحت دونوں ادارے مشترکہ منصوبوں پر کام کریں گے ۔ اس سلسلے میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں این ڈی آر ایم ایف کے سی ای او بلال انور اور او جی ڈی سی ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر/سی ای اواحمد حیات لک نے معاہدے پر دستخط کیے۔

اس شراکت داری کے تحت این ڈی آر ایم ایف اس میدان میں سماجی طور پر ذمہ دار اور ماحول دوست منصوبوں کے لیے تحقیق اور اس حوالے سے استعداد کار میں اضافے کے حوالے سے منصوبوں کے ذریعے او۔ جی ۔ ڈی ۔ سی ۔ ایل کے ساتھ کام کرے گا۔ باہمی دلچسپی کے شعبوں پر سیمینارز، ورکشاپس اور تقاریب کے انعقاد کے ذریعے موسمیاتی تبدیلی، آفات کے خطرے میں کمی کے شعبوں میں علم کے تبادلے اور صلاحیت سازی کے لیے تعاون کرنا مقاصد کے حصول میں اہم کردار ادا کرے گا۔ این ڈی آر ایم ایف کے سی ای او بلال انور نے کہا کہ این ڈی آر ایم ایف کو قانونی طور پر یہ ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ ملک اور اس کی آبادی کو قدرتی آفات کے نتیجے میں ہونے والے سماجی و اقتصادی اور مالیاتی خطرات سے بچانے میں مدد کرے اور اس سلسلے میں ڈیزاسٹر رسک میں کمی کے لیے سرمایہ کاری کو ترجیح دے ۔

انہوں نے کہا کہ اس شراکت داری کے ذریعے این ڈی آر ایم ایف اپنے شراکتی ادارے او جی ڈی سی ایل کو بین الاقوامی بہترین طریقوں کے مطابق سماجی طور پر محفوظ اور ذمہ دارانہ منصوبوں کے نفاذ سے متعلق مدد فرام کرے گا ۔ احمد حیات لک، منیجنگ ڈائریکٹر/سی ای او او جی ڈی سی ایل نے اس شراکت داری پر بہت اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سے ہمیں کاربن ڈائی آکسائیڈ گیس میں کمی اور اسے ذخیرہ کرنے کے حل اور گرین ہائوس گیسوں کے اخراج میں کمی کے طریقہ کار کو تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔

اس معاہدے کے تحت او جی ڈی سی ایل کے کام کے مختلف شعبوں کا خیال رکھا جائے گا جیسے کہ کاربن کو نیوٹرلائز کرنا اور ماحول دوست پراجیکٹ ڈویلپمنٹ، آپریٹنگ فیلڈز کو ڈیکاربونائز کرنا، سماجی طور پر کمزور شعبوں کو کاربن کے اخراج کے اثرات سے محفوظ بننے میں مدد فراہم کرنا۔ یہ معاہدہ این ڈی آر ایم ایف اور او جی ڈی سی ایل کے پاکستان کے تیل اور گیس کے شعبے میں زیادہ پائیدار اور ماحول دوست مستقبل کے لیے مل کر کام کرنے کے مضبوط عزم کی عکاسی کرتا ہے۔