یومِ یکجہتی کشمیرمنانے کے لیے پاکستانی حکومت، فوج اور عوام کے دل کی عمیق گہرائیوں سے شکر گزار ہیں، سید علی گیلانی

141

سرینگر ۔ 05 فروری (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے 5فروری کو یومِ یکجہتی کشمیرمنانے کے لیے پاکستانی حکومت، فوج اور عوام کا دل کی عمیق گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام گزشتہ70سال سے اپنے حقِ خودارادیت کے لیے ِ جدوجہدکررہے ہیں اور اس جدوجہد میں پاکستان روزِ اول سے ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی سطح پر مدد کرتا آرہا ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیری قوم اپنی آزادی کے لیے دنیا کی ایک بڑی فوجی طاقت کے ساتھ نبرد آزما ہے اور اس جدوجہد میں پاکستان دنیا کا وہ واحد ملک ہے جو ان کے حقِ خودارادیت کو خود بھی تسلیم کرتا ہے اور عالمی برادری کے سامنے اس کی وکالت بھی کرتا ہے۔