پونے ۔11نومبر (اے پی پی):آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں آسٹریلیا نے مچل مارش کی طوفانی بیٹنگ کی بدولت بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی ،
کینگروز نے 307 رنز کا ہدف 45ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ، مچل مارش نے 177 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور مرد میدان قرار پائے ، گزشتہ روز پونے میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے 43ویں میچ میں بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 306 رنز بنائے
، توحید ہردوئی نے سب سے زیادہ 74 رنز اسکور کیے ، دیگر بیٹرز میں نجم الحسین 45، لٹن داس اور تنزید حسن 36 ، 36 ، محمود اللہ 32 ، مہدی حسن میراز 29 اور مشفق الرحیم 27 رنز بنا کر نمایاں رہے ، آسٹریلیا کی طرف سے شان ایبٹ اور ایڈم زامپا نے دو ، دو وکٹیں حاصل کیں ، جواب میں آسٹریلیا نے مطلوبہ ہدف مچل مارش کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت 44.4 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ،
مچل مارش نے 132 گیندوں پر 9 چھکوں اور 17 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 177 رنز بنائے ، سٹیون سمتھ نے 63 اور ڈیوڈ وارنر نے 53 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔