چیئرمین سینیٹ سے پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد کی ملاقات

137
چیئرمین سینیٹ سے پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد کی ملاقات

اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن (پی آر اے) کے نمائندہ وفد نے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی جس میں پی آر اے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے امور کا جائزہ لیا گیا۔ پیر کو سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پی آر اے کے وفد کی قیادت پی آر اے کے صدر عثمان خان کر رہے تھے جبکہ وفد میں سیکرٹری نوید اکبر چوہدری، نائب صدر احمد نواز خان، فنانس سیکرٹری اصغر چوہدری اور سیکرٹری اطلاعات جاوید حسین شامل تھے۔

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پارلیمان کی بالادستی،جمہوریت کے فروغ میں میڈیا کا کردار فراموش نہیں کیا جا سکتا، پی آر اے پارلیمان کی کارروائی اور معلومات کو شفاف انداز میں عوام تک پہنچا کر پارلیمان اور عوام کو قریب تر لانے میں ایک اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خاص طور پر ایسے وقت میں جب دنیا غیر معمولی تغیرات کا شکار ہو رہی ہے، غیرجانبدار اور فعال صحافتی برادری کی اہمیت سے ہرگز انکار نہیں کیا جا سکتا۔

چیئرمین سینیٹ نے پی آر اے کی کارکردگی میں مزید بہتری کے لئے اپنے تعاون کا یقین دلایااور کہا کہ پی آر اے کے اراکین پارلیمانی طریقہ کار کے بارے میں جدید ترین مہارتوں اور معلومات سے لیس ہوں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے اور مثبت رپورٹنگ کیلئے پارلیمنٹرینز اور سینئر صحافیوں کے ساتھ باقاعدہ ورکشاپس کا انعقاد ہونا چاہیے۔ تنظیم کے صدر عثمان خان اور دیگر نے چیئرمین سینیٹ اور سینیٹ سیکرٹریٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ایوانوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔

انہوں نے تربیتی ورکشاپس،تنظیم کی ویب سائٹ سمیت پیشہ وارانہ مہارت میں اضافے کے لئے اقدامات پر معاونت کی درخواست کی جس پر چیئرمین سینیٹ نے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ پی آر اے پاکستان اور سینیٹ سیکرٹریٹ کے درمیان پارلیمانی رپورٹنگ سے متعلق موثر ضابطہ اخلاق تیار کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پی آر اے ایسا ضابطہ اخلاق مرتب کرے جس سے پارلیمان کے تقدس کا بھر پور خیال رکھا جائے۔

پارلیمانی رپورٹنگ بہت اہم شعبہ ہے۔ملاقات کے دوران سینیٹ سیکرٹریٹ اور پارلیمانی صحافیوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے فروغ کے لئے موثر تربیتی پروگرام تشکیل دینے پر بھی اتفاق کیا گیا اور قانون سازی سمیت پارلیمانی کمیٹیوں کی ورکنگ کے حوالے سے صحافیوں کو تربیت دینے کے حوالے سے بھی معاملات زیر غور لائے گئے تاکہ صحافیوں کی صلاحیتوں اور پیشہ وارانہ سمجھ بوجھ میں اضافہ ہو اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے دورے کرانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

پی آر اے کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق استوار کرنے کے حوالے سے پی آر اے کی ڈیجیٹلائزیشن اور پی آر اے کے ممبران کی تربیت کے لئے غیر ملکی ڈونرز کی معاونت لینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پی آ ر اے کی ویب سائٹ ڈویلپ کرنے کیلئے بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا۔ اس موقع پر سیکرٹری سینیٹ محمد قاسم صمد خان، ڈائریکٹر جنرل کوآرڈنیشن میر شے مزار بلوچ، ڈائریکٹر جنرل آئی ٹی لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ سید عاصم رضا اور دیگر بھی موجود تھے۔