غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کا پر امن انخلاہرصورت یقینی بنائیں، آئی جی پنجاب کی پولیس حکام کو ہدایت

104

لاہور۔14نومبر (اے پی پی):آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ لسٹوں اور بغیر لسٹوں والے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوںکا پر امن انخلاہرصورت یقینی بنائیں۔آئی جی پنجاب نے یہ ہدایات غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے انخلا بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیں ۔

اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ ذوالفقار حمید، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم سیال، تمام آر پی اوز، سی پی اوزاور ڈی پی اوز نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن محمد ادریس احمد، ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب وقاص نذیر، اے آئی جی آپریشنز ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی اور اے آئی جی ایڈمن عمارہ اطہر سمیت دیگرسینئرافسران بھی موجود تھے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ نادرا میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے غیر رجسٹرڈ بچے غیر قانونی مقیم شہریوں میں ہی شمار ہوں گے، انخلا سے بچنے کے لئے ایک ضلع سے دوسرے ضلع میں ہجرت کرکے چھپنے کی کوشش کرنے والےغیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں پربھی گہری نظر رکھیں۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے صوبے بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے انخلا میں جاری پیش رفت کا جائزہ لیا۔انہوں نے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے انخلا کے حوالے سے اچھی کارکردگی پر آر پی اوز ملتان اور ڈی جی خان کو شاباش دی اور تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز کو غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے انخلا کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ تمام غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کا صوبہ پنجاب سے انخلا بتدریج جاری ہے، سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی، سکیورٹی اداروں اور انٹیلی جنس بیسڈ انفارمیشن کے ذریعے غیر ملکی شہریوں کے انخلا کا عمل مزید تیز کیا جائے، اورتمام ریجنل اور ڈسٹرکٹ پولیس افسران غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے انخلا کے عمل کو کامیاب بنانے کے لئے ضلعی انتظامیہ، متعلقہ اداروں کے ساتھ مربوط رابطہ رکھیں۔