اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے ترجمان راجہ عاصم نذیر نے کہا ہے کہ ریجن میں بجلی چوری کے ناسور کے خاتمے اور بل نادہندگان کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔آئیسکو ترجمان کے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق ماہ نومبر کے دوران آپریشن سرکلز میں جاری مہم کے دوران گھریلو کمرشل صنعتی اور زرعی کنکشنز کے حامل 66 ہزار 740 میٹرز چیک کئے گئے جس میں 868 بجلی چور پکڑے گئے جنہیں بجلی چوری کی وجہ سے بھاری جرمانے ادا کرنے پڑ رہے ہیں ۔
انہوں نے بتایا کہ بجلی چوروں کے خلاف کاروائیوں میں 3 کروڑ 41 لاکھ کے جرمانے عائد کیے گئے ، پولیس کی جانب سے 39 ایف آئی آرز کا اندراج ہوا اور 7 بجلی چوروں کو گرفتار کر لیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ رننگ اور ڈیڈ ڈیفالٹرز سے بجلی واجبات کی وصولی کیلئے حکومت پاکستان اور وزارت توانائی کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے آئیسکو کے تمام آپریشن سرکلز میں ریکوری ٹیموں کی بلا امتیاز اور بھرپور کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ رننگ اور ڈیڈ ڈیفالٹرز سے مجموعی طور پر 64 کروڑ 46 لاکھ واجبات وصول کئے گئے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ چیف ایگزیکٹیو آئیسکو ڈاکٹر محمد امجد خان نے واضح طور پر کہا کہ بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور بل ادا نہ کرنے والے صارفین کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا رہیں گے۔ ترجمان نے کہا کہ صارفین بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور میڑز کٹنے کی زحمت سے بچیں اور بجلی کے بلوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنائیں۔ ترجمان آئیسکو نے کہا کہ آپریشن کے دوران ڈیٹیکشن اور ریکوری ٹیموں کوحکومت پاکستان وزارت توانائی ، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کا مکمل تعاون حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ صارفین بجلی چوری کی اطلاع ہیلپ لائن نمبر 118 یا 9252933-051 پر دیں۔