حکومت جی ڈی پی کے تناسب سے ٹیکسوں کی شرح میں اضافہ اورحسابات جاریہ کے کھاتوں کے خسارہ کومزیدکم کرنے میں پرعزم ہے، نگران وفاقی وزیرخزانہ ڈاکٹرشمشاداختر کی پاکستان میں نیدر لینڈزکی سفیرسے ملاقات میں گفتگو

114
Dr. Shamshad Akhtar
Dr. Shamshad Akhtar

اسلام آباد۔21نومبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیرخزانہ، محصولات واقتصادی امورڈاکٹرشمشاداخترنے کہاہے کہ حکومت مجموعی قومی پیداوارکے تناسب سے ٹیکسوں کی شرح میں اضافہ اورحسابات جاریہ کے کھاتوں کے خسارہ کومزیدکم کرنے میں پرعزم ہے۔ انہوں نے یہ بات منگل کویہاں پاکستان میں نیدرلینڈزکی سفیر مسزہینی دوڈی رائز سے ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے کہی۔بات چیت میں پاکستان اوربرطانیہ کے درمیان دوطرفہ اقتصادی تعلقات کے مختلف پہلوئوں کاجائزہ لیاگیا۔سیکرٹری اقتصادی امورڈویژن اوروزارت خزانہ کے سینئر افسران بھی اس موقع پرموجودتھے۔

ملاقات میں نیدرلینڈز میں آنیوالے انتخابات پربھی گفتگو ہوئی اوردونوں فریقوں نے جمہوری عمل کی اہمیت پرزوردیا۔نیدرلینڈز کی سفیرنے آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف سطح کے معاہدے اورملک کے مجموعی اقتصادی صورتحال میں بہتری پرنگران وزیرخزانہ کومبارکباددی۔نگران وزیرخزانہ نے نیدرلینڈز کی سفیر کومختلف شعبوں بالخصوص ایف بی آرکی قیادت میں ٹیکس کی بنیادمیں وسعت کیلئے اٹھائے جانیوالے اقدامات سے آگاہ کیا اورکہاکہ حکومت مجموعی قومی پیداوارکے تناسب سے ٹیکسوں کی شرح میں اضافہ اورحسابات جاریہ کے کھاتوں کے خسارہ کومزیدکم کرنے میں پرعزم ہے۔

نگران وزیرخزانہ نے نیدرلینڈز کی سفیرکو پاکستانی طلبا کیلئے ڈچ فیلوشپ پروگرام پرتوجہ مرکوز رکھنے کی درخواست کی اورکہاکہ ماضی میں یہ پاکستانی طلباء کیلئے بیرونی فنڈسے چلنے والا اہم پروگرام تھا۔نیدرلینڈزکی سفیرنے اقتصادی بحالی اورزراعت، خدمات وصنعتی شعبہ میں مثبت پیش رفت کو سراہا۔انہوں نے بالخصوص خواتین کی مالی اورلیبرفورس میں شمولیت کیلئے حکومت کی جانب سے اٹھائے جانیوالے اہم اقدامات کی تعریف کی اورکہاکہ اس سے ملک میں سماجی اوراقتصادی ترقی کے عمل کوتیز کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے نیدرلینڈز کی جانب سے پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کے عزم کااعادہ بھی کیا۔ملاقات میں گزشتہ سال آنیوالے بدترین سیلاب کے بعد تعمیرنووبحالی، ماحولیاتی مسائل اوردبئی میں یواین ایف سی سی سی کی کانفرنس آف پارٹیز سے متعلق امورپربھی تبادلہ خیال ہوا۔نگران وفاقی وزیرخزانہ نے دونوں ممالک کے باہمی استفادہ کیلئے نیدرلینڈز کے ساتھ سفارتی تعلقات کومضبوط بنانے کے عزم کااعادہ کیا۔