لیسکو کا بجلی چوروں کیخلاف آپریشن جاری

224
LESCO

لاہور۔26نومبر (اے پی پی):وزارت توانائی پاور ڈویڑن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزی لاہو ر الیکٹرک سپلائی کمپنی ( لیسکو) کے انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی بجلی چوروں کیخلاف آپریشن جاری ہیں۔78 روز میں 30350ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔

ترجمان لیسکو کے مطابق 78 روز سے جاری انسداد بجلی چوری مہم کے دوران اب تک 13322ملزمان کو گرفتار کیا گیا، مجموعی طور 29979 کنکشن کیخلاف ایف آئی آر کی درخواستیں جمع کروائی گئیں جن میں سے28967درخواستیں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں۔

بجلی چوروں کو اب تک 5 کروڑ27لاکھ 72664یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت2ار ب 11 کروڑ18لاکھ 46463روپے ہے۔بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائی گئے۔ ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اور ان کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔

شفیق آباد کے علاقے میں کنکشن کو6000یونٹس 300,000 روپے،ایبٹ روڈ کے علاقہ میں کنکشن کو6058 یونٹس 200,000روپے،دل محمد روڈ گوالمنڈی کے علاقے میں کنکشن کو4115 یونٹس200,000 روپے اور فیصل ٹان کے علاقے میں ایک کنکشن کو186,740کی رقم چارج کی گئی ہے۔

ترجما ن کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 333کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،332بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائرکی گئیں جس میں سے201درخواستیں رجسٹرڈ ہوچکی ہیں جبکہ13ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔

پکڑے جانے والے کنکشنز میں 3 زرعی،19 کمرشل،2انڈسٹریل اور 309 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو398,901یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں ۔