24.3 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 10, 2025
ہومعلاقائی خبریںزچہ بچہ ہسپتال راولپنڈی کی وفاق سے صوبہ پنجاب کو منتقلی جلد...

زچہ بچہ ہسپتال راولپنڈی کی وفاق سے صوبہ پنجاب کو منتقلی جلد ہو گی، ڈاکٹر جمال ناصر

- Advertisement -

راولپنڈی۔ 28 نومبر (اے پی پی):صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ زچہ بچہ ہسپتال راولپنڈی کی وفاق سے صوبہ پنجاب کو حوالگی کے بارے میں وفاقی حکومت سے مشاورت حتمی مرحلہ میں داخل ہو چکی ہے اور اس حوالے سے راولپنڈی کے شہریوں کو جلد خوشخبری ملے گی۔یہ بات انہوں نے بین الصوبائی وزاراء صحت کے اجلاس کے دوران نگران وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ اس وقت ہولی فیملی ہسپتال 200 بیڈز کی گنجائش کے ساتھ راولپنڈی کا سب سے بڑا ہسپتال ہے اور زچہ بچہ ہسپتال کو جنرل ہسپتال میں تبدیل کرکے پنجاب حکومت اس میں بھی 200 بیڈز کی گنجائش پیدا کرنا چاہتی ہے تاکہ یہ بھی شہر کے بڑے ہسپتال کے طور پر کام کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ زچہ بچہ ہسپتال راولپنڈی کو جنرل ہسپتال میں تبدیل کیا جائے گا اور ہولی فیملی ہسپتال کی بحالی اور تعمیر نو کے بعد زچہ بچہ ہسپتال کے بطور جنرل ہسپتال کے فعال ہونے سے راولپنڈی کے شہریوں کو ریلیف میسر ہو گا۔ صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محسن نقوی کو زچہ بچہ ہسپتال کی پنجاب حکومت کو حوالگی کے حوالے سے بریفنگ دی ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ منتقلی کے عمل کے تمام مراحل کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کو مثالی ہیلتھ کئیر سٹی بنانا چاہتے ہیں اور اس حوالے سے تاریخی اقدامات کئے گئےہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہولی فیملی ہسپتال کی تعمیر نو اور تزئین و آرائش کا کام فروری میں مکمل ہو جائے گا اور اس کے علاوہ بینظیر بھٹو ہسپتال اور ڈی ایچ کیو کی بھی مرمت اور سہولیات میں اضافہ کا کام جاری ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=414890

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں