اسلام آباد۔30نومبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ پولیو کے قطرے پلانے والی ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے کی ضروری دو خوراکیں پلانے کو یقینی بنائیں۔ مہم کے چوتھے دن ایک جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اسلام آباد میں پانچ سال سے کم عمر کے تمام بچوں کو قطرے پلانے کے ہدف کو حاصل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
ڈپٹی کمشنر نے تشویش ظاہر کی کہ کچھ بچے تیسرے دن ویکسینیشن کے لئے موجود نہیں تھے اور عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ مہم کے بقیہ دنوں میں انہیں ترجیح دیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، ڈی ایچ اوز، اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ صحت کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ افراد نے بھی شرکت کی۔ شرکا نے مہم کی اب تک کی کارکردگی پر تبادلہ خیال کیا اور بہتری کے لیے شعبوں کی نشاندہی کی۔
عرفان نواز میمن نے پاکستان سے پولیو کے خاتمے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا اور والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کو یقینی بنا کر اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے پولیو ورکرز اور مہم میں شامل دیگر اسٹیک ہولڈرز کی کوششوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں جاری پولیو ویکسینیشن مہم مرض کے خاتمہ کے لئے ملک گیر کوششوں کا حصہ ہے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=415364