ڈیرہ غازی خان۔ 02 دسمبر (اے پی پی):ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو1122ڈیرہ غازیخان انجینئر احمد کمال نے کہا کہ کمیونٹی میں آگاہی مہم کے مثبت نتائج مرتب ہور ہے ہیں اور مختلف نوعیت کی ایمرجنسیوں میں کمی دیکھنے میں آرہی ہے،ایک ماہ کے دوران 26048 کالز موصول ہوئیں۔ہفتہ کے روز اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زیادہ تر حادثات لوگوں کی غفلت، لاپرواہی اور لاعلمی کے باعث رونما ہو تے ہیں۔
حفاظتی اقدامات اور احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے مختلف ایمرجنسیوں میں خاطر خواہ کمی لائی جاسکتی ہے اس سلسلے میں ریسکیو1122 دن رات آگاہی دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریسکیو1122کی کمیونٹی سیفٹی ٹیمیں جو ریسکیورز پر مشتمل ہیں وہ ریسکیو سکاؤٹس کے ساتھ مل کرلوگوں میں حفاظتی تدابیر کے حوالے سے آگاہی دے رہی ہیں لیکن کوئی ایک فرد یا آرگنائزیشن معاشرے میں اکیلے تبدیلی نہیں لا سکتی اس کے لئے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا رول ادا کرنا پڑے گا تاکہ حادثات اور بیماریوں سے پاک محفوظ معاشرے کا قیام عمل میں لا یا جاسکے۔
انجینئر احمد کمال نے بتایا کہ گزشتہ ماہ نومبر کے دوران ریسکیو1122کو26048کالز موصول ہوئیں۔جن میں سے7768 ایمرجنسی کیلئے6864انفارمیشن کیلئے جبکہ 11416 غیر متعلقہ کالز شامل تھیں. اس دوران 844ٹریفک حادثات،18آگ لگنے کے واقعات،113لڑائی جھگڑے،6067میڈیکل ایمرجنسیز،1عمارات منہدم ہونے اور725متفرق واقعات پرریسپانس کیا گیا،ان حادثات میں پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122ڈیرہ غازیخان نے7617مریضوں کوریسکیوکیا۔ جن میں 4427افرادکوموقع پر ابتدائی طبی امدادکی فراہمی، 3050افرادکو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیااور ریسکیو1122کا اوسط ریسپانس ٹائم 15 سے 35منٹ رہا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=415884