نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے نوٹس پر پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی میں متنازعہ تقرری منسوخ کردی گئی

141
Caretaker Prime Minister
Caretaker Prime Minister

اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی میں متنازعہ تقرری کا نوٹس لےلیا ۔ ہفتہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق گزشتہ روز متنازعہ کھلاڑی سلمان بٹ کی پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی میں تعیناتی پر نگران وزیرِ اعظم نے سخت نوٹس لیا۔

وزیر اعظم پاکستان کرکٹ بورڈ کے سرپرست اعلیٰ ہیں۔ وزیرِ اعظم کی ہدایت پر فوری طور پراس متنازعہ تعیناتی کو منسوخ کردیا گیا۔وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، کرکٹ جیسے مقبول اور پاکستانیوں کے پسندیدہ کھیل کیلئے کھلاڑیوں کی سلیکشن کمیٹی کو بھی غیر متنازعہ ہونا چاہئیے۔

نگران وزیرِ اعظم نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی میں غیر متنازعہ اور اچھی شہرت رکھنے والے سلیکٹرز کو شامل کرنے کی ہدایت کر دی،غیر متنازعہ اور میرٹ پر تقرر شدہ سلیکٹرز ہی پاکستان کی بین الاقوامی کرکٹ میں نمائندگی کیلئے بہترین ٹیم کا انتخاب کر سکتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کو اسکے شاندار ماضی کی طرح ایک مرتبہ پھر سے کامیابی سے ہمکنارکرنے کے لیے تمام تقرریاں خالصتاً میرٹ پر کریں گے۔