ہری پور ، ملزم آلہ قتل سمیت گرفتار

78

ہری پور ۔ 04 دسمبر (اے پی پی):ہری پور پولیس نے سانگیاں قتل کیس میں ملوث ملزم کو گرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کر لیا۔ ہری پور پولیس کے مطابق تھانہ ٹی آئی پی کی حدود سانگیاں میں 2 دسمبر کو قاسم ولد عبدالرزاق کو بذریعہ اسلحہ آتشین کے قتل کرنے کا واقعہ رونما ہوا۔ مدعی کی رپورٹ پر ملزم کے خلاف زیر دفعہ 302 تعزیرات پاکستان کے تحت مقدمہ درج رجسٹر ہوا۔ ڈی پی او ہری پور محمد عمر خان نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی سٹی محمد سجاد اور ایس ایچ او تھانہ ٹی آئی پی کو وقوعہ میں ملوث ملزم کو گرفتار کر کے آلہ قتل کی برآمدگی کے احکامات جاری کئے۔ ایس ایچ او تھانہ ٹی آئی پی نے ہمراہ نفری پولیس کے ڈی ایس پی سٹی کی زیر نگرانی کارروائی کرتے ہوئے قلیل وقت میں وقوعہ میں ملوث ملزم فیصل ولد عبد الوہاب سکنہ سانگیاں کو گرفتار کر کے آلہ قتل پستول 30 بور برآمد کر لیا۔ مقدمہ کی مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔