سرگودھا۔5دسمبر (اے پی پی):یونیورسٹی آف سرگودھا میں رضاکاروں کے عالمی دن کے موقع پر ڈیپارٹمنٹ آف کمیونیکیشن اینڈ میڈیا سٹڈیزاور نیشنل کمیشن فارہیومن ڈویلپمنٹ (این سی ایچ ڈی) کے اشتراک سے ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیاہے۔ سیمینار میں رضا کاروں کی خدمات کا اعتراف اور اہمیت کو اُجاگر کرنے کےعلاوہ اُن کی بے لوث خدمات کو خراج ِتحسین پیش کیا گیا۔ مہمان ِ خصوصی ڈپٹی انسپکٹرجنرل آف پولیس جیل خانہ جات چوہدری سعید اللہ گوندل تھے اس کے علاوہ ڈپٹی ڈائریکٹر این سی ایچ ڈی مہر عمر دراز جھاوری، ایگزیکٹو کونسل ممبروومن چیمبر آف کامرس سرگودھا شازیہ ممتاز بنگش،چیئرمین گو لائف مختار احمد مرزا، آئی سپیشلسٹ ڈاکٹر کنور عثمان سعید، چیئر مین ڈیپارٹمنٹ آف کمیونیکیشن اینڈ میڈیا سٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر حسن رضا سید، انچارج پولیس تحفظ مرکز صفدر اقبال اور دیگر فیکلٹی ممبران سمیت طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی جیل خانہ جات نے کہا کہ حالیہ دور میں انسانیت کی خدمت کے جذبےکو فروغ دینا بہت ضروری ہے ، رضا کارانہ خدمات سر انجام دینے والے لوگ اللہ تعالی کی طرف سے رحمت بن کر آتے ہیں جو تمام عمر بغیر کسی لالچ کے انسانیت کی خدمت کرتے ہیں۔ان کا کہناتھاکہ اقوام ِمتحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان ان 50 ممالک کی فہرست میں شامل ہو چکا ہے جس کے پاس دُنیا کے سب سے زیادہ رضاکار موجود ہیں۔ڈپٹی ڈائریکٹر این سی ایچ ڈی مہر عمر دراز جھاوری نے کہا کہ رضاکار ہمارے معاشرے کا وہ اثاثہ ہیں جو بلامعاوضہ بغیر کسی لالچ اور طمع کے معاشرے کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کرنا اپنا اولین فرض سمجھتے ہیں کیونکہ ان کی خدمات جذبہ ہائے حب الوطنی اور جذبہ ہائے انسانیت سے سرشارہوتی ہیں۔ڈاکٹر کنور عثمان سعید نے کہا کہ 70 فیصد رضاکارانہ خدمات کا کریڈٹ کسی ادارے کو نہیں بلکہ معاشرے کے اُن افراد کو جاتا ہے جو انفرادی طور پر بہت خاموشی کے ساتھ خدمات سر انجام دیتے ہیں۔ یہ مٹھی بھر افراد حتی المقدور کوشش میں لگے رہتے ہیں کہ رضا کاری کا جذبہ معاشرے میں پروان چڑھ سکے۔ سیمینار کے اختتام پر رضاکارانہ خدمات پیش کرنے والے طلباء اور گیسٹ سپیکرز کو اعزازی سرٹیفکیٹس دئیے گئے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=416868