اسلام آباد۔5دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم معائنہ کمیشن (پی ایم آئی سی )کی ایک ٹیم نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں ہیٹنگ، وینٹیلیشن اور ایئر کنڈیشننگ (ایچ وی اے سی) پلانٹ کی تنصیب کے تاخیر کا شکار منصوبے کا معائنہ کیا اور اس کا کام 20 دسمبر سے پہلے مکمل کرنے پر زور دیا، پی ایم آئی سی کا یہ دورہ پی ایس ڈی پی کے منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر پر وزیر اعظم کی طرف سے گہرے خدشات کے پیش نظر ہوا جس میں "پمز، اسلام آباد میں ایچ وی اے سی پلانٹ روم کے آلات اور الائیڈ ورکس کی تبدیلی اور اپ گریڈیشن” شامل ہیں۔
منگل کو جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ہاؤسنگ اینڈ ورکس کی وزارت اور نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن کی وزارت کی رپورٹوں پر عدم اطمینان کے بعد، اس معاملے کو موثر نگرانی کے لئے پی ایم آئی سی کو بھیج دیا گیا تھا۔پراجیکٹ کا دورہ کرنے والی انسپکشن ٹیم میں پی ایم آئی سی کے ممبر ظاہر شاہ اور کوآپٹڈ ممبر صفدر علی، ڈائریکٹر محمد صالح ناریجو اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر احمد وسیم شامل تھے۔
ٹیم نے ہسپتال کی تمام عمارتوں میں سنٹرلی ایئر کنڈیشننگ سسٹم کی تنصیب کے حوالے سے ایچ وی اے سی کے جاری کام کا معائنہ کیا۔پی ایم آئی سی کے چیئرمین بریگیڈیئر (ر) مظفر علی رانجھا نے ظاہر شاہ کی سربراہی میں بننے والی انکوائری ٹیم کو منصوبے کا بھرپور طریقے سے جائزہ لینے اور اس کی جلد از جلد تکمیل کو یقینی بنانے کا کام سونپا تھا۔معائنہ کے دوران پمز انتظامیہ، محکمہ تعمیرات عامہ کے افسران اور ٹھیکیدار موجود تھے۔
ٹیم نے 24 نومبر کو ٹیم کے دورے اور 4 دسمبر کو پی ایم آئی سی میں ہونے والی اس کے بعد کی میٹنگ میں جاری کردہ ہدایات کی روشنی میں ٹھیکیداروں اور پی ڈبلیو ڈی کی طرف سے کی گئی پیشرفت کا مشاہدہ کیا۔اجلاس میں وزارت منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات، وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس، پاک پی ڈبلیو ڈی، پمز اور کنٹریکٹر کے نمائندوں کے ساتھ پیشرفت رپورٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دورے کے دوران اس پراجیکٹ کی ڈیڈ لائن کے مطابق جلد اور موثر تکمیل کے لئے ہدایات دی گئیں جس میں کافی تاخیر ہوئی ہے۔پی ایم آئی سی کی ٹیم نے 20 دسمبر 2023 سے پہلے پراجیکٹ کو مکمل کرنے پر زور دیا۔چیئرمین پی ایم آئی سی 15 دسمبر کو منصوبے کا دورہ کریں گے، اس حوالے سے پیشرفت رپورٹ بھی وزیراعظم آفس کو پیش کی جائے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=416961