اسلام آباد۔7دسمبر (اے پی پی):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے کہا ہے کہ کرپشن سے پاک معاشرے کی تشکیل کے لئے خود احتسابی اور دیانتداری بنیادی عناصر ہیں۔ قومی احتساب بیورو (نیب) اور لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی کے زیراہتمام نیشنل لائبریری آف پاکستان میں منعقدہ ایک تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے سماجی انصاف اور بدعنوانی کیخلاف اجتماعی جدوجہد پرزور دیا۔
اپنے خطاب کے دوران ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا کہ جو قوم اپنا احتساب خود نہیں کرتی تاریخ اس کا احتساب کرتی ہے ۔ ڈاکٹر امجد ثاقب نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ معاشرے کی بہتری کے لئے امید کا دامن ہرگز نہ چھوڑیں، تبدیلی کا عمل ایک فرد سے شروع ہوتا ہے۔ انہوں نے ذاتی اور سماجی ترقی کو فروغ دینے میں رسمی تعلیم کے ساتھ ساتھ عملی علم کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ڈاکٹر امجد ثاقب نے بد عنوانی کے باعث لوٹی ہوئی رقم کی وصولی پر نیب کو خراج عقیدت پیش کی۔
تقریب میں نیب افسران کی اعلیٰ کارکردگی کے اعتراف میں شیلڈز اور نقد انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔تقریب کے دیگر مقررین میں ڈائریکٹر جنرل لیگل ڈاکٹر رحیم اعوان، سابق انسپکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر کلیم امام، ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی /اسلام آباد مرزا عرفان بیگ اور ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر بھی شامل تھے۔قبل ازیں ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے اسلام آباد میں قائداعظم یونیورسٹی اور انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی سٹڈیز کے زیر اہتمام بین الاقوامی اسلامی معاشیات اور ترقی کانفرنس میں بھی کلیدی مقرر کی حیثیت سے شرکت کی۔
خطاب کے دوران ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا کہ مغربی معاشی نظریہ ہمارے مسائل کا حل نہیں ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا کو وسائل کی کمی کا سامنا نہیں ہے بلکہ مسئلہ دولت اور وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم کی وجہ سے ہے۔ ڈاکٹر امجد ثاقب نے اسلامی تعلیمات کی روشنی میں پائیدار ترقی کے اہداف کے ادراک اور ملکی ترقی اور معیشت کی بہتری کے لیے کائنات کے پوشیدہ خزانوں کی کھوج پر زور دیا۔
ڈائریکٹر سکول آف اکنامک قائداعظم یونیورسٹی ڈاکٹر طارق مجید، وائس چانسلر قائداعظم یونیورسٹی ڈاکٹر نیاز احمد اختر، ڈین آف فیکلٹی سوشل سائنسز قائداعظم یونیورسٹی ڈاکٹر ایم ادریس اور ڈائریکٹر اخوت فاؤنڈیشن سلیم احمد رانجھا نے بھی کانفرنس میں شرکت کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=417826