21.6 C
Islamabad
پیر, اپریل 21, 2025
ہومقومی خبریںالیکشن کی تاریخ کے اعلان کے بعد کسی کو الیکشن کے انعقاد...

الیکشن کی تاریخ کے اعلان کے بعد کسی کو الیکشن کے انعقاد پر شبہ نہیں ہونا چاہئے، ایسے حالات نہیں کہ عام انتخابات کی تاریخ میں ردوبدل کیا جائے، الیکشن 8 فروری کو ہوں گے، مرتضیٰ سولنگی

- Advertisement -

اسلام آباد۔11دسمبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ اب تک ملک میں ایسے حالات نہیں ہیں کہ عام انتخابات کی تاریخ میں ردوبدل کیا جائے، الیکشن کمیشن کی جانب سے تاریخ کے اعلان کے بعد اب تمام سوالات اور ابہام ختم ہو جانے چاہئیں، الیکشن کمیشن کی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے سکیورٹی سمیت تمام ضروریات پوری کریں گے۔

پیر کو نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے نگران وفاقی وزیر مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ الیکشن کی تاریخ کے اعلان کے بعد اب کسی کو الیکشن کے انعقاد پر شک و شبہ نہیں ہونا چاہئے، پہلے کہا گیا کہ ان کی نیت میں فتور ہے اس لئے الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہیں کر رہے، اب جبکہ اتفاق رائے سے 8 فروری الیکشن کی تاریخ آ گئی ہے تو کوئی ابہام باقی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کا انعقاد الیکشن کمیشن نے کرنا ہے، الیکشن کمیشن کو جن جن چیزوں کی ضرورت تھی وہ پوری کر دی ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے آئندہ عام انتخابات کیلئے 42 ارب روپے کا بجٹ مانگا گیا تھا، پہلے مرحلہ میں 10 ارب روپے دیئے گئے جس پر کہا گیا کہ 17 ارب 40 کروڑ روپے دیئے جائیں، اس طرح وزارت خزانہ نے الیکشن کمیشن کو 27 ارب 40 کروڑ روپے دے دیئے، باقی فنڈز بھی جب الیکشن کمیشن ضرورت محسوس کرے گا تو فراہم کر دیئے جائیں گے، الیکشن کمیشن کو سکیورٹی سمیت ہر طرح کا تعاون فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک ایسے حالات نہیں ہیں کہ ہم الیکشن کے انعقاد کیلئے سکیورٹی فراہم نہ کر سکیں۔

بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں سکیورٹی خدشات اور افواہوں سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس وقت تک ایسے حالات نہیں ہیں کہ ہم کسی وسوسے میں یا کسی دوسری سوچ میں مبتلا ہوں، نہ ہی کسی ادارے کی جانب سے اس طرح کی کوئی بات کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کے حالات پہلے بھی تھے اور اب بھی ہیں، 2008 اور 2018ء میں الیکشن کے وقت کے حالات بھی سب کے سامنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حالات نہیں ہیں جس کی وجہ سے عام انتخابات کی تاریخ میں ردوبدل کیا جائے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو سے آپ خود پوچھیں گے کہ انہیں کس نے کہا کہ صوبے میں وزارت اعلیٰ کا امیداوار کا نام فائنل کر لیا گیا، ہمارے حساب سے چاروں صوبوں میں عام انتخابات ہونے ہیں اور اس میں تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتیں آزادی سے حصہ لیں گی، ہر سیاسی جماعت کو سیاسی سرگرمیاں کرنے کی اجازت ہے، بلاول بھٹو پہلے بھی سیاسی سرگرمیاں کرتے رہے ہیں اور اب بھی کرتے رہیں گے، ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے، جس کا جہاں جی چاہے اپنی سیاسی سرگرمیاں کر سکتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کو اطلاع ہو گی کہ نواز شریف چوتھی مرتبہ وزیراعظم بننے جا رہے ہیں، ہمیں تو کوئی ایسی اطلاع نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ کا وزیراعظم کون ہو گا اس کا فیصلہ آئندہ عام انتخابات کے نتائج کریں گے۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=418889

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں