اسلام آباد۔11دسمبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیرخزانہ،محصولات واقتصادی امورڈاکٹرشمشاداخترنے کہاہے کہ حکومت ملک میں معاشی ومالی استحکام اورپائیداراقتصادی نموکیلئے اصلاحات پرعمل پیراہے، معیشت کو دستاویزی بنانے کے لیے ایف بی آر کی تنظیم نوکی جارہی ہے۔انہوں نے یہ بات پیرکویہاں امریکا کی پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری برائے جنوبی و وسطی ایشیا امورایلزبتھ ہورسٹ کی قیادت میں وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
وزیر خزانہ نے الزبتھ ہورسٹ اور ان کے وفد کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان طویل المدتی، وسیع البنیاد اور کثیر الجہتی تعلقات قائم ہیں۔ وزیر خزانہ نے وفد کو حکومت کی پالیسیوں اور اقتصادی اصلاحات کے ایجنڈے سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں معاشی و مالی استحکام اورپائیداراقتصادی نموکیلئے مختلف شعبوں میں اصلاحات کاعمل جاری ہے۔ انہوں نے وفد کونگران حکومت کی جانب سے سرکاری کاروباری اداروں کی نجکاری اورایف بی آر میں اصلاحات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
وزیرخزانہ نے کہاکہ معیشت کو دستاویزی بنانے اور ڈیجیٹلائزیشن کو موثر بنانے کیلئے ایف بی آر کی تنظیم نوکی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے ہم حال ہی میں آئی ایم ایف کے ساتھ پہلا جائزہ کامیابی کے ساتھ مکمل کرلیاہے۔ پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری نے وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا اور امریکی حکومت اورعوام کی جانب سے حکومت پاکستان کو مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہاکہ امریکا اورپاکستان کے درمیان اچھے تعلقات ہیں۔ انہوں دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔
وزیر خزانہ نے امریکی وفدکا شکریہ ادا کیا اور امریکہ کے ساتھ دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا۔دریں اثناء پاکستان میں جمہوریہ چیک کے سفیرالفرڈ لاڈی سلیو سٹین ہوبل سے ملاقات میں وزیرخزانہ نے جمہوریہ چیک اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ تعلقات پر روشنی ڈالی۔
وزیر خزانہ نے امید ظاہر کی کہ نئی قائم ہونے والا مشترکہ وزارتی کمیشن دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارتی تعلقات کو بڑھانے کے لیے ایک بین الاقوامی پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔جمہوریہ چیک کے سفیرنے امید ظاہر کی کہ مشترکہ وزارتی کمیشن کا پہلا اجلاس جلد منعقد ہو گا جس میں تجارتی تعلقات کو بڑھانے کے لیے ضروری معلومات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ چیک کمپنیاں کان کنی، توانائی اور کیمیکل کے شعبوں میں تعاون کی تلاش میں ہیں۔
وزیر خزانہ نے جمہوریہ چیک کی دلچسپی کا خیرمقدم کیا اور یقین دلایا کہ حکومت بزنس ٹوبزنس رابطوں میں سہولت فراہم کرے گی۔ وزیر خزانہ نے اعلیٰ تعلیم کے شعبوں میں تعاون کی اہمیت کو اجاگرکیا۔ وزیر خزانہ نے کلی معیشت کے استحکام کے لیے حکومت کی جانب سے کی گئی اصلاحات کی پالیسی سے بھی انہیں آگاہ کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=418896