کوئٹہ۔ 12 دسمبر (اے پی پی):وزارت توانائی(پاور ڈویژن) کی خصوصی ہدایات پر کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کی صوبہ بھرمیں تمام آپریشن سرکلز میں نادہندگان کیخلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں ،اب تک مجموعی طور پر 2ارب روپے سے زائد کی ریکوری کی گئی ہے،کیسکوکومہم کے دوران خاطرخواہ کامیابی حاصل ہوئی اور اس کے اثرات بل جمع کرانے والے صارفین کو براہ راست پہنچ رہے ہیں۔
اس سلسلے میں گزشتہ تین ماہ کے دوران کیسکوٹیموں نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت صوبہ بھرمیں کیسکوکے تمام آپریشن سرکلز میں کارروائیاں عمل میں لائیں جس کے دوران کیسکونے مجموعی طورپرصوبہ بھرمیں اب تک تقریباًایک لاکھ19ہزار847 نادہندہ صارفین سے بجلی بلوں کے بقایاجات کی مدمیں 2 ارب12کروڑ25لاکھ 70ہزارروپے سے زائد رقم وصول کر لی ہے جن میں مختلف نادہندہ گھریلو، کمرشل اور دیگر نجی صارفین شامل ہیں۔
اسی طرح کیسکونے صوبہ بھر کے تمام آپریشن سرکلز میں اب تک492 بجلی چوروں کے خلاف مختلف پولیس تھانوں میں ایف آئی آرزبھی درج کرا دی گئی ہیں جن کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جاچکی ہیں۔
علاوہ ازیں کیسکوٹیموں کی جانب سے غیر قانونی بجلی استعمال کرنے والوں خلاف کارروائی کے دوران ڈٹیکشن کی مدمیں 69 لاکھ12ہزار247بجلی یونٹس جرمانہ کی مدمیں چارج کئے گئے جن میں سے کیسکونے اب تک تقریباً 30کروڑ93 لاکھ85ہزارروپے بھی وصول کرلئے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=419175