اسلام آباد۔12دسمبر (اے پی پی):وزارت مذہبی امور نے سپانسر شپ اور ریگولر حج سکیم کی درخواستوں کی وصولی کی تاریخ میں 22 دسمبر تک توسیع کر دی ہے جبکہ گزشتہ پانچ سال کے دوران حج کرنے والے افراد بھی حج 2024 کے لیے درخواست دینے کے اہل ہوں گے ۔
منگل کو وزارت مذہبی مور کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وزیر مذہبی امور کی منظوری کے بعد وزارت مذہبی امور نے فیصلہ کیا ہے کہ سپانسرشپ اور ریگولر حج سکیم کی درخواستوں کی وصولی میں 10 دن کی توسیع دی جائے جس کے تحت جمعہ 22 دسمبر تک مجاز قومی بینک حج درخواستوں کی وصولی کریں گے جبکہ گزشتہ پانچ سال 2017، 2018، 2019 ،2020 اور 2022 کے دوران فریضہ حج کی سعادت حاصل کرنے والے افراد پر سے بھی آئندہ حج 2024 کے لئے درخواست دینے کی پابندی بھی اٹھا لی گئی ہے۔
ترجمان مذہبی امور کا کہنا ہے کہ سپانسرشپ سکیم میں پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر درخواستیں وصول کی جا رہی ہیں ۔ بیرون ملک سے ڈالرز میں ادائیگی کرنے والے بلا قرعہ اندازی کامیاب قرار دیے جائیں گے۔عازمین حج کے اصرار پر وزارت مذہبی امور نے حج بدل پر عائد پانچ سالہ پابندی بھی ختم کر دی ہے۔ گزشتہ پانچ سال کے دوران حج کرنے والے امسال حج درخواست دینے کے اہل قرار دیئے گئے ہیں ۔ اکیلی خواتین حلف نامہ فراہم کرنے پر قابل اعتماد خواتین کے گروپ میں حج کر سکیں گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=419198