اسلام آباد۔12دسمبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا ہے کہ حکومت تمام شہریوں کوقابل رسائی اور قابل برداشت بنیادی صحت کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے پر عزم ہے۔ منگل کو وزارت صحت کے آفیشل ایکس پر جاری ٹویٹ کے مطابق ان خیالات کا ظہار انہوں نے یونیورسل ہیلتھ کوریج (یو ایچ سی)ڈے کے موقع پر کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت تمام شہریوں کو قابل رسائی اور قابل برداشت صحت کی سہولیات کی فراہمی کے پختہ عزم پر قائم ہے ۔انہوں نے کہا کہ رواں سال یونیورسل ہیلتھ کوریج کا موضوع صحت سب کیلئے عملی اقدامات کا وقت رکھا گیا ہے جو ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لئے جاری کوششوں کے ساتھ مطابقت رکھتا ہے۔
وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ پیشرفت کے باوجود اس وقت بھی نصف آبادی ضروری صحت کی خدمات سے محروم ہے، سرمایہ کاری میں اضافہ کا مقصد اس خلا کو پر کرنا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ صحت کا شعبہ مضبوط ہواور بنیادی ڈھانچہ بہتر ہو۔
نگران وزیر صحت نے خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے حکومت کے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسل ہیلتھ کیئر شہریوں کی فلاح و بہبود کے عزم میں ایک اہم ستون کی مانند کھڑا ہے،عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے ملک بھر میں 500 سے زائد بنیادی صحت کے مراکز (بی ایچ یوز) کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=419200