34.4 C
Islamabad
پیر, اپریل 21, 2025
ہومقومی خبریںبھارتی سپریم کورٹ کا کشمیر کی خصوصی حیثیت پر فیصلہ انسانی حقوق...

بھارتی سپریم کورٹ کا کشمیر کی خصوصی حیثیت پر فیصلہ انسانی حقوق کی سب سے بڑی خلاف ورزی ہے، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال حسین ملک کا سیمینار سے خطاب

- Advertisement -

اسلام آباد۔12دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال حسین ملک نے بھارتی سپریم کورٹ کے بھارت کے غیرقانونی زیرتسلط جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت پر فیصلے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ انسانی حقوق کی سب سے بڑی خلاف ورزی ہے۔

منگل کو بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے نیو کیمپس میں بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اور پارلیمانی کمیشن برائے انسانی حقوق کے زیر اہتمام "آزادی، مساوات اور انصاف سب کے لیے” کے عنوان پر منعقدہ سیمینار سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ غزہ اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں نے بین الاقوامی بحث کو جنم دیا ہے ، بھارت کے غیرقانونی زیرتسلط کشمیر میں آزادی کی تحریک کو دبانے کے لیے طاقت کے استعمال ، جبری گمشدگیوں اور ظلم نے تمام حدیں پار کر دی ہیں ۔

- Advertisement -

انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے شہریوں کو اظہار رائے پر پابندیوں کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کا تنازعہ ایک دیرینہ مسئلہ ہے جو ایک پائیدار حل کا متقاضی ہے۔ اس موقع پر وفاقی شرعی عدالت اسلام آباد کے عالم جج جسٹس ڈاکٹر محمد سید انور نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی نے انسانی حقوق کی حمایت کے لیے فورمز کے قیام میں اہم کردار ادا کیا ہے اور یہ تقریب اہم ہے جو انسانی حقوق کے دن کی مناسبت سے منعقد کی گئی ہے۔

انہوں نے اسلام کے اصولوں کی روشنی میں انسانی حقوق کے تصور کو بھی تفصیل سے بیان کیا۔ جسٹس ڈاکٹر محمد سید انور نے یونیورسٹی انتظامیہ کو اس اجتماع کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی ۔ سیکرٹری لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان ڈاکٹر محمد رحیم اعوان نے کہا کہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سامنا ہے جبکہ دنیا وہاں ہونے والے مظالم پر توجہ نہیں دیتی۔ریکٹر جامعہ پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ ملک نے انسانی حقوق پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آزادی، مساوات اور انصاف سب کے لیے ہے اور یہ کسی بھی مہذب معاشرے کی بنیادی ضروریات میں شامل ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے انسانی حقوق کے حوالے سے آگاہی کو فروغ دینے کا بہترین ذریعہ ہیں۔اس موقع پر سیمینار کے مقررین نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی متفقہ طور پر مذمت کی۔

انہوں نے 5 اگست 2019 کے بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو واپس لینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ جموں و کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کرایا جائے تاکہ کشمیری عوام اپنا حق خود ارادیت حاصل کر سکیں۔اس سیمینار میں میڈیا کی معروف شخصیات، حقوق نسواں کے کارکنان اور مشہور سیاستدانوں، فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=419221

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں