فیصل آباد ۔ 14 دسمبر (اے پی پی):جہاں گندم، مکئی، چاول، گنا آسانی سے نہ کاشت کیا جا سکے وہاں جو کی فصل کامیابی سے کاشت کی جاسکتی ہے۔
نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایاکہ جو کی روٹی، دلیہ اور ستو کو بطور خاص غذا استعمال کیاجاتاہے جبکہ جو کی فصل کاچارہ گائے، بھینس، بکری، گھوڑے، گدھے، خچر کی پسندیدہ خوراک ہونے کے علاوہ جانوروں کو فربہ بنانے میں بھی انتہائی معاون ثابت ہواہے۔
انہوں نے بتایاکہ جو کی کاشت گندم کے ساتھ ہی شروع ہو جاتی ہے لیکن اس کی بڑھوتری کاعمل تیز ہونے کے باعث یہ گندم سے پہلے پک کرتیار ہو جاتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ اگر جو کی کاشت سے لیکر برداشت تک زمین کی تیاری، شرح بیج، طریقہ کاشت، آبپاشی، کیمیائی کھادوں کے استعمال وغیرہ کا خیال رکھا جائے تو جو کی فصل سے بمپر کراپ کا حصول یقینی بنایا جاسکتاہے۔ کاشتکار مزید رہنمائی کےلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی خدمات سے استفادہ حاصل کرسکتے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=419837