سیالکوٹ ،محکمہ صحت کے اشتراک سے نیوٹریشن انٹر نیشنل کا آگاہی سیشن

256
Nutrition

سیالکوٹ۔14دسمبر (اے پی پی):سیالکوٹ میں نیوٹریشن انٹر نیشنل نے محکمہ صحت کے اشتراک سے خوردنی تیل کی فور ٹیفیکیشن کے فوائد، پاکستان میں وٹامن اے و ڈی کی کمی ، کھلے اور غیر صاف شدہ تیل کے استعمال سے صحت پر اس کے منفی اثرات بارےآگاہی سیشن کا اہتمام کیا گیا۔

آگاہی سیشن میں ڈسٹرکٹ سیالکوٹ کی 25 سے زائد یونین کو نسلز سے لیڈی ہیلتھ سپروائزرز اورو رکرز نے شرکت کی۔ اس موقع پر فوڈ فور ٹیفیکیشن پروگرام کے زونل مینجر مدثر اقبال نے فور ٹیفیکیشن پروگرام اور کھلے یا غیر صاف شدہ تیل کے استعمال اور اس کے صحت پر منفی اثرات کے حوالہ سے شرکا کو آگاہی دی۔ انہوں نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں نصف سے زیادہ خواتین اور بچوں کی آبادی مائیکرونیوٹرینٹس کی کمی کا شکار ہیں جس میں آئرن، وٹامن اے اور وٹامن ڈی سر فہرست ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غذائیت کی کمی کو پورا کرنے کے لیے فور ٹیفیکیشن ایک آسان اور قابل عمل طریقہ کار ہےجو کہ وٹامنز اور منرلزکی موجودگی کو کم سے کم لاگت سے ممکن بناتا ہے لوگوں کو غذائی عادات کو تبدیل کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔ اس موقع پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹررضوان سعید بھی موجود تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ مارکیٹ میں موجود تمام خوردنی آئل وٹامن اے اور ڈی سے فورٹیفائیڈ ہوں۔

انہوں نے شرکا کو بتایا کہ پنجاب فوڈ اٹھارٹی نے کھلے آئل کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کر رکھی ہے،غیر صاف شدہ تیل مختلف مہلک بیماریوں کا باعث بنتا ہے۔ اس لیے اگر آپ کو پتا چلے کہ کوئی کھلا آئل فروخت ہو رہا ہے تو فورا پنجاب فوڈ اٹھارٹی کو اطلاع دیں تا کہ اس پرکارروائی کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں سے حاصل شدہ معلومات لوگوں تک بھی پہنچائیں۔ اس موقع پرانہوں نے آگاہی سیشن کے لیے نیوٹریشن انٹرنیشنل کا شکریہ بھی ادا کیا ۔