چین کے ساتھ تجارتی خسارے میں جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران کمی ہوئی،سٹیٹ بینک

135
State Bank of Pakistan
State Bank of Pakistan

اسلام آباد۔20دسمبر (اے پی پی):چین کے ساتھ پاکستان کے تجارتی خسارے میں جاری مالی سال کے دوران کمی ریکارڈ کی گئی، مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں چین کوپاکستان کی برآمدات میں سالانہ بنیاد پر39.44 فیصدکااضافہ جبکہ چین سے درآمدات میں 6.41 فیصدکی کمی ہوئی ۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں چین کوبرآمدات سے ملک کو1.223 ارب ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 39.44 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں چین کوپاکستان کی برآمدات کاحجم 877.44 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔

نومبر2023 میں چین کوبرآمدات سے ملک کو271.31 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواجواکتوبرمیں 318.84 ملین ڈالر اورگزشتہ سال نومبرمیں 199.058ملین ڈالرتھا، مالی سال 2023 میں چین کوپاکستان کی مجموعی برآمدات کاحجم 2.029 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔

سٹیٹ بینک کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں چین سے درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر6.41 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ، جولائی سے نومبر2023 تک کی مدت میں چین سے 4.741 ارب ڈالرکی درآمدات ریکارڈکی گئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 5.045 ارب ڈالرتھیں،

نومبرمیں چین سے درآمدات پر1.003 ارب ڈالرکازرمبادلہ صرف ہواجواکتوبرمیں 993.40 ملین ڈالر اورگزشتہ سال نومبرمیں 906.12 ملین ڈالرتھا۔مالی سال 2023 میں چین سے درآمدات کاحجم 9.662 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا تھا۔