سرگودھا۔21دسمبر (اے پی پی):ریجن بھر میں جاری ترقیاتی کام 30دسمبر 2023ء تک ہر صورت مکمل ہونے چاہئیں۔ان کاموں میں کوالٹی اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔کوشش کی جائے کہ معیار کو یقینی بنانے کیساتھ ساتھ مقررہ مدت میں تمام منصوبے مکمل ہوں اور ان کی انسپکشن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔ان خیالات کا اظہار پاکستان پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ(پی ڈبلیو ڈی )کے ایگزیکٹو انجنیئرمحمد عدنان نے افسران سے ایک اجلاس کے دوران کیا۔
اُنہوں نے کہا کہ قومی خزانہ کو نقصان کسی طور بھی برداشت نہیں کیا جائیگااور کاموں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ اس وقت ریجن بھر میں 75فیصد کام مکمل ہوچکا ہے اور 25فیصد رہ جانیوالے کام تیزی سے مکمل کئے جارہے ہیں۔ اس میں پاک پی ڈبلیو ڈی کے اہلکاروں کو کریڈٹ جاتا ہے جنہوں نے دیانتداری کیساتھ اپنے فرائض انجام دیئے ہیں۔محمد عدنان نے مزیدکہاکہ ٹھیکیداران کو اس بات کا پابند بنایا کہ وہ جاری ترقیاتی کاموں کی تکمیل کومقررہ وقت میں ہر صورت یقینی بنائیں۔