راولپنڈی۔28دسمبر (اے پی پی):راولپنڈی پولیس تھانہ نصیرآبادنے تعلیمی اداروں میں منشیات فراہم کرنے والے میاں بیوی کو گرفتار کر لیا ہے۔ایس ایچ او ناصر ممتاز نے بتایا ہے کہ گرفتار ملزمان کی شناخت عامر اور شیربانو کے نام سے ہوئی جن سے 7 کلو 7 سو گرام چرس برآمد ہوئی۔
ملزمان کا تعلق پشاور سے ہے جو کہ جڑواں شہروں میں منشیات سپلائی کرتے تھے،ملزمان نے تعلیمی اداروں میں بھی منشیات سپلائی کرنے کا انکشاف کیا ہے۔ منشیات سمگلر جوڑے کی گرفتاری اور بڑی مقدار میں منشیات برآمدگی پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے ایس ایچ او نصیر آباد اور ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ منشیات سمگلرز کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ راولپنڈی پولیس منشیات کے ناسور کے خاتمہ کے لئے پرعزم ہے۔